ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے داخلہ وخارجہ پالیسیوں سمیت نصاب کو تبدیل کرنا ہوگا، سینیٹر شاہی سید

جمعرات 18 اگست 2016 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ مقامی نجی اسپتال جاکر سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی فوری صحت یابی کے لیے دعا کی ،جس کے بعد اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے داخلہ وخارجہ پالیسیوں سمیت نصاب کو تبدیل کرنا ہوگا تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کی صورت میں بھرپور مینڈیٹ دینے کے باوجود حکومت دہشتگردی کے خاتمے کی بجائے جانے کس چیز کا انتظار کر رہی ہے پارٹی کا اعلیٰ سطحی وفد سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت اور یکجہتی کیلئے گیا تھا ہم نے کوئٹہ کے اسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت اور ہائی کورٹ بار میں وکلاء سے اظہار یکجہتی کی اور فردا فردا لواحقین کے گھروں میں جاکر فاتحہ خوانی کی سانحہ کوئٹہ کسی قیامت سے کم نہیں لمحوں میں 64 وکیل جو بلوچستان میں قانون کے شعبے کے سرخیل تھے چھین لیے گئے جبکہ اتنے ہی زخمی زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

اْنہوں نے کہا کہ ہم پر ہمارے گھروں کے اندر دہشتگردی مسلط کر دی گئی۔ سانحہ کوئٹہ اتنا شدید ہے کہ اس نے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس سانحے نے بلوچستان کے ہر شہر کو ہلا کر رکھ دیا ہر شہر سے جنازے اْٹھے ہیں۔ہم بلوچستان کے عوام کیساتھ ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے داخلہ و خارجہ پالیسیوں کی تبدیلی ناگزیر ہے۔

سپر پاور یا دوسروں کیلئے بنائے جانے والی خارجہ پالیسی سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں بدقسمتی سے جنرل ضیاء الحق کے دور سے لیکر آج تک ہماری داخلہ اور کارجہ پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔ ملک میں ایسا نصاب بنایا گیا جس سے ہمارے بچے تشدد کی طرف مائل ہوتے ہیں حکمران اقدامات کرنے کی بجائے قوم کو متحد ہونے کا درس دے رہے ہیں جبکہ اے پی ایس پشاور کے بعد تو ملک کی تمام سیاسی جماعتوں ، عسکری و سیاسی قیادت نے بیس نکات پر مشتمل نیشنل ایکش پلان بنایا تھا مگر اس کے تمام نکات پر مکمل عمل نہ ہوا۔

حالانکہ حکومت کے پاس فری ہیڈ ہے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف کارروائی کرے اگر بیرونی ہاتھ ملوث ہے تو اس کوکاٹ دیں صرف قوم کو یہ بتانے سے کام نہیں چلے گا کہ سانحے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اگر اس حوالے سے ثبوت ہے تو حکومت بتائے کہ اس سانحے کے بعد اس نے کیا اقدامات کیے اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری الطاف خان ایڈووکیٹ ،سیکریٹری اطلاعات حمید اﷲ خٹک ،نائب صدر حاجی اورنگزیب بونیری بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :