پاورلومزانڈسٹری روزگارکی فراہمی میں اہم کرداراداکررہی ہے،مومن آغا

ترقی کیلئے موافق ماحول بے حدضروری ہے لہذااس صنعت سے وابستہ افرادکے حقوق کے تحفظ کیلئے کسی کوکاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،ڈویژنل کمشنرکاکونسل آف پاورلومزکے وفدسے ملاقات میں اظہارخیال

جمعرات 18 اگست 2016 21:34

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 اگست ۔2016ء) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ پاورلومز انڈسٹری ملکی معیشت اورروزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہی ہے جس کی ترقی کے لئے موافق ماحول بے حد ضروری ہے لہذا اس صنعت سے وابستہ افراد کے حقوق کے تحفظ کے لئے کسی کو کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون شکن عناصر کا سختی سے محاسبہ ہوگا۔

انہوں نے یہ بات چےئرمین کونسل آف پاورلومزآنرز ایسوسی ایشن وحید خالق رامے کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مہر شفقت اللہ مشتاق بھی موجود تھے جبکہ وفدکے ارکان میں ماجد الطاف،ڈاکٹر لطیف،چوہدری صادق،میاں عادل باری،ملک اصغر علی،چوہدری شاہد بوٹا ودیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ پرامن اورخوشگوار صنعتی ماحول پر پختہ یقین رکھتے ہیں اس سلسلے میں آجر اور اجیر کے مابین افہام وتفہیم اور باہمی تعاون کی فضاناگزیر ہے تاکہ کاروبار اورروزگار کے امور چلتے رہیں اور معاشی سرگرمیوں میں تعطل نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ پاورلومز سیکٹرکو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ قوانین کا احترام لازم ہے اورکسی قسم کے غیر قانونی فعل کو قطعاًبرداشت نہیں کریں گے۔چےئرمین کونسل آف پاورلومزآنرزایسوسی ایشن وحید خالق رامے ودیگر عہدیداران نے پاورلومز انڈسٹری کے مسائل کے حل میں سنجیدہ اقدامات پر پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے پراپرٹی ٹیکس کی شرح میں اضافہ،بعض علاقوں میں سیوریج سسٹم بحالی کے زائد بلوں،پرچی مافیا کا خاتمہ اوردیگر مسائل کے حل میں یقین دہانی پرڈویژنل کمشنر مومن آغا کاشکریہ ادا کیا۔۔