خیبر پختونخوا میں چاردرجاتی فارمولے کے تحت ڈاکٹروں کوسروس اسٹرکچردینے پر کام جاری ہے ، سیکریٹری صحت

جمعرات 18 اگست 2016 21:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) سیکریٹری صحت خیبر پختونخوا محمد عابد مجید نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت چار درجاتی فارمولے کے تحت ڈاکٹروں کو سروس اسٹرکچر دینے پر کام کر رہی ہے جس کی منظوری سے ڈاکٹروں کا ایک دیرینہ اور جائز مطالبہ پورا ہوجائے گا ، اسی طرح meritorious serviceکی بنیاد پر صوبے میں ڈاکٹروں کی گریڈ 21کی آسامیوں کی تعداد میں مناسب اضافہ کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے جبکہ ڈنٹیل سرجنز کواسپیشیلسٹ کیڈردینے کے لئے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔

یہ باتیں اُنہوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتائیں جس نے جمعرات کے روزاُن کے دفتر میں اُن سے ملاقات کی اور صوبے میں ڈاکٹروں کی فلاح و بہبود ،، اُن کو درپیس مسائل کے حل اور سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کومزید بہتر بنانے کے سلسلے میں ڈاکٹروں کے کرداراور دیگر متعلقہ امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

سیکریٹری صحت نے مزید بتایا کہ ہاوس جاب آفیسرز کے لئے ماہانہ وظائف مقرر کرنے جبکہ ٹرینی میڈیکل آفیسرز کو متعلقہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کرنے پر کام کیا جارہا ہے ۔ وفد کے مطالبے پر سیکریٹری صحت نے یقین دلایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ہاوس جاب کرنے والے نجی میڈیکل کالجوں کے طلبا ء کو پی ایم ڈی سی کے مروجہ قوانین کے عین مطابق وظائف دلوانے کے معاملے کو نجی میڈیکل کالجوں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔

ڈاکٹروں کو ضروری سکیورٹی فراہم کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے سلسلے میں ڈاکٹروں کے لئے سکالرشپ مقرر کرنے کے مطالبے پر سیکریٹری صحت نے وفد کے ارکان سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ایسو سی ایشن کی طرف سے صوبائی حکومت کو قابل عمل تجاویز پیش کریں۔وفد کے اراکین نے ڈاکٹروں کی فلاح و بہبود اور اُن کو درپیش مسائل کے حل کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ اُن کی تنظیم صوبے میں صحت کے نظام کو مستحکم بنانے کے لئے صوبائی حکومت کی کوششوں کا بھر پور ساتھ دے گی اور مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :