خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل نہایت ضروری ہے،طارق مدنی

جمعرات 18 اگست 2016 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 اگست ۔2016ء) پاکستان امن کونسل کے سر براہ طار ق محمود مدنی نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل نہایت ضروری ہے، لیکن بھارت ہٹ دھرمی دیکھا رہا ہے اور مسئلہ کشمیر پر مذاکرات سے بھاگ رہا ہے،وہ جمعرات کو امن سیکریٹریٹ میں میڈیا اورانسانی حقوق کے نمائند و ں سے ملاقات میں بھارتی سیکریٹری خارجہ کے قائم مقام سیکریٹری خارجہ وحید الحسن کو بھیجے گئے جوابی خط پر گفتگو کررہے تھے، طارق مدنی نے کہا کہ بھارت کی کشمیر کے بجائے اپنے ایجنڈے پر بات چیت کی آما دگی پوری دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے برابر ہے حکومت پاکستان کو چاہئے کہ بھارتی سیکریٹری خارجہ کی جانب سے لکھے گئے جوابی خط کی کاپی اقوام متحدہ کو بھیج کر اس کے ریکارڈ پر لائے تاکہ بھارت کی بد دیانتی کا ایک اور مکرو چہرہ دنیا کے سامنے آسکے اور اقوام متحدہ کو بھی اس بات کا بھر پور احساس دلایا جائے کہ کشمیر سے متعلق اس کی منظور کردہ قرار داد پر گزشتہ 69سالوں سے تا حال عملدرآمد نہیں ہوا ہے اور بھارت نہ صرف قرا ر داد کی دھجیاں اڑار ہا ہے بلکہ وہ عالمی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے اور یہ بات قوام متحدہ کے ریکارڈ پر موجود ہے تبہی اقوام متحدہ نے مظلوم کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کا وعدہ کیا ہوا ہے تاہم کشمیر اپنے حل کے انتظار میں69 سالوں سے جل رہا ہے انہوں نے مذید کہا کہ بھارت ازل سے ہی پاکستان کا دشمن ہے اس نے اپنی گھناؤنی سازشوں سے پہلے مشرقی پاکستان ہم سے جدا کیاا اور اب باقی ما ند ہ پاکستان کو بھی غیر مستحکم کرنے کے لئے ملک بھر میں دہشت گردی کرا رہا ہے جس کے ٹھوس شواہد کئی بار دنیا کے سامنے آ چکے ہیں، لیکن پھر بھی عالمی برادری کا نوٹس نہ لینا اس بات کا اشارہ ہے کہ ہمارے حکمران اپنا مؤقف عالمی برادری میں صحیح طور پر پیش نہیں کرپارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء طارق مدنی نے اعلان کیا کہ پاکستان امن کونسل69 یوم آزادی پاکستان کے بخیریت گزرجانے پر آج (جمعہ) 19اگست یوم تشکر منائے گی اور اس سلسلے میں ملک بھر میں ملکی بقا و سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی جائے گی اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا انہوں نے علماکرام اور خطباء سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ نماز جمعہ کے بعد ملکی بقا و سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کرائیں۔