جماعت اسلامی خیبر پختونخوا میں محب دین ، سنجیدہ اور متحرک اہل افراد نوجوانوں کی نمائندہ جماعت بن گئی ہے ‘ لیاقت بلوچ

22-23 ؍اکتوبر کو پشاور میں صوبائی اجتماع عام 2018 ء کے انتخابات کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

جمعرات 18 اگست 2016 19:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا میں محب دین ، سنجیدہ اور متحرک اہل افراد نوجوانوں کی نمائندہ جماعت بن گئی ہے ، 22-23 ؍اکتوبر کو پشاور میں صوبائی اجتماع عام 2018 ء کے انتخابات کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ۔

خیبر پختونخوا جماعت اسلامی کی صوبائی شوریٰ ، صوبائی وزراء اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے اجلاس ، بٹ خیلہ میں مالاکنڈ کے معززین کے اجلاس اور لاہور این اے 126 میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء ، قومی اور صوبائی اسمبلی میں ممبران کی کارکردگی ، چترال ، دیر بالا ، بونیر اور دیرپائین میں ضلعی ناظمین کی عوامی خدمات اور ترقیاتی کام جماعت اسلامی کے لیے قابل فخر ہیں ۔

(جاری ہے)

ملاکنڈ ڈویژن میں وفاقی حکومت کی جانب سے ظالمانہ اور ناروا ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کی کامیاب تحریک عوام کے مسائل حل کرنے کا باعث بنی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ تھر پارکر میں بھوک اور بیماری سے بچے مر رہے تھے اب پنجاب میں بچوں کا اغوا بہت ہی ظالمانہ اور غیر انسانی اقدام ہے ۔ پنجاب حکومت مجرموں کو پکڑے اور سخت ترین سزا دی جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کرپشن اور قومی انتشار ریاستی نظام کے لیے بڑی مشکلات پیدا کررہاہے ۔

متعلقہ عنوان :