ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی زیر صدارت پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی کا بیسواں اجلاس

اجلاس میں فوڈ ، ڈرگزاور فرٹیلائزرز ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کیلئے ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں ’’پنجاب سائنس انکلیو‘‘ کے قیام کافیصلہ

جمعرات 18 اگست 2016 19:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی کا بیسواں اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہور میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں منعقد ہوا -اجلاس میں سٹیئرنگ کمیٹی کے گزشتہ ا جلاس میں طے کئے گئے مختلف اہداف میں پیشرفت کا جائزہ لیاگیا-اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے نئی قائم کی گئی پنجاب ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی فوری انتظامی ضروریات کے لئے 10کروڑ روپے کے فنڈز فوری طو رپر پیفڈابورڈ کو منتقل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں- ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پر محکمہ خزانہ پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری محترمہ کرن خورشید سے کہاکہ 10کروڑ روپے کی اس رقم کاپیفڈا کو اجراء اگلے ایک ہفتے کے دوران یقینی بنائیں-اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلی پنجاب نے پیفڈا کے تحت فوڈ ، ڈرگز اور فرٹیلائزرزٹیسٹ کرنے والی تینوں نئی لیبارٹریز ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں64کنال اراضی پر پھیلی ہوئی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے ملحقہ 20کنال سرکاری اراضی پرمشتمل کمپلیکس کی صورت میں قائم کرنے کی منظوری دی ہے-اس کمپلیکس کو ’’پنجاب سائنس انکلیو‘‘کا نام دے دیا گیاہے-اجلاس میں پیفڈا کے اپنے ماہرین پر مشتمل نئے سٹاف کی بھرتی تک ڈرگز ،فوڈ اور فرٹیلائزرزکی عالمی معیار کے مطابق ٹیسٹنگ کا کام سرانجام دینے کے لئے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں تعینات ماہرین سے اضافی کام لیاجائے گا اوروہ اس دوران عارضی طو رپر اضافی الاؤنس حاصل کرنے کے بھی مجاز ہوں گے-نئے ماہرین کی سلیکشن کے حوالے سے اجلاس کو بتایاگیاکہ ڈرگز ، فوڈ اور فرٹیلائزرز کی تینوں نئی ٹیسٹنگ لیبارٹریوں میں تعیناتی کے لئے تین ڈائریکٹرز کو 4لاکھ روپے ماہانہ کے ’’پے پیکیج‘‘ کی بنیاد پر درخواستیں طلب کرنے کے سلسلے میں بین الاقوامی جریدوں میں اشتہار شائع کروائے گئے تھے مگر انٹرویوز کا عمل مکمل کرنے کے باوجود مطلوبہ تعلیمی قابلیت اور تدریسی تجربے والے اکیڈیمیشنز تو دستیاب ہیں لیکن مطلوبہ عملی تجربہ رکھنے والے نامور سائنسدانوں/ سائنسی پریکٹیشنرزفی الحال دستیاب نہیں ہو سکے - اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ پیفڈا رجیم کے تحت ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ، فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اور فرٹیلائزرز ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ڈائریکٹرز کے انتخاب میں عالمی معیار سے کم قابلیت اور عملی تجربہ قابل قبول نہیں ہے، اس لئے عالمی معیار کے سائنسی پریکٹیشنرز کی تلاش کے سلسلے میں ان تینوں آسامیوں کیلئے امریکہ ،یورپ اور کینیڈا کے سائنسی جرائد میں دوبارہ اشتہارات شائع کروائے جائیں-اجلاس کو بتایا گیا کہ پیفڈا میں تعیناتی کے لئے مقامی طور پر منتخب کئے گئے 16 جونیئر سائنٹسٹس اور 8سینئر سائنٹسٹس کی ٹریننگ کا عمل جاری ہے -اجلاس میں پیفڈا کی تینوں نئی لیبارٹریز کے لئے سائنسی آلات کی خریداری کے پلان میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیاگیا جبکہ پیفڈا کی سٹیئرنگ کمیٹی نے تین نئے ارکان کی شمولیت کی منظوری بھی دی گئی-اجلاس میں پیفڈا کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر فقیر محمد انجم ، پیفڈا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد اشرف طاہر، سیکرٹری فوڈ پنجاب آصف بلال لودھی، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت حسین سردار، ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عدنان ظفر، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر سلمان شاید ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس محترمہ کرن خورشید، ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر مدثر اقبال ملک، ممبرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ملک مختار احمد نول ، ڈپٹی سیکرٹری فوڈ انجم سردار ، ڈپٹی سیکرٹری لیجسلیشن عابد رضا،پی اینڈ ڈی کے چیف شعبہ صحت سلیم مسیح سندھو اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کے چیف ایگزیکٹو آفیسرمجاہد شیردل نے شرکت کی-

متعلقہ عنوان :