پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پوزیشن ہولڈرطالب علموں کے لیے کیش ایوارڈز کی رقوم میں اضافہ کر دیا

جمعرات 18 اگست 2016 17:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے پارٹنر سکولوں کے پوزیشن ہولڈر طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیش ایوارڈز کی رقوم میں اضافہ کر دیا ہے، اب بورڈزآف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اورپنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے امتحانات میں مجموعی طور پر اول پوزیشن لینے پر 50ہزار روپے،دوسری پوزیشن کے لیے 40ہزار روپے اور سوم پوزیشن پر آنے والے طالب علم کو 30ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا،اسی طرح بورڈزکے ہائر سیکنڈری امتحانات میں گروپ وائز اول، دوم اور سوم پوزیشن لینے والے طالب علموں کو بالترتیب 25ہزار،20ہزار اور 15ہزار روپے کے کیش پرائزدیے جائیں گے، اس اقدام کا مقصد ذہین طالب علموں کی حو صلہ افزائی ہے۔

یہ بات ایم ڈی پیف طارق محمود نے اپنے دفتر میں منعقدہ ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز، پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ایم ڈی طارق محمود نے اجلاس کو بتایا کہ پارٹنر سکولوں کے طالب علموں نے مختلف بورڈو پیک امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کیا ہے۔ ملتان اور گوجرانوالہ بورڈ ز کے میٹرک امتحانات 2016میں آرٹس گروپ میں دوسری پوزیشن لینے والے طالب علموں کا تعلق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے ہے۔

اسی طرح ملتان بورڈ کے میٹرک 2016کے سائنس گروپ میں تیسری پوزیشن لینے والے طالب علم کا تعلق بھی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی کوشش ہے کہ تحصیل و ضلع کی سطح پر امتحانات میں نمایاں کارکردگی کے حامل طالب علموں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے۔ اس طرح مسابقت کے صحت مند رجحان سے پارٹنر سکولوں میں کوالٹی ایجوکیشن کے ذریعے بہترین کارکردگی دکھانے کا رجحان مزید تقویت پکڑے گا جس کا فائدہ طالب علموں کوہوگا۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیاکہ آئندہ تعلیمی سال 2017-18کے لیے نصابی کتابوں کے حصول کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ پارٹنر سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے طالب علموں کا ریکارڈ اپ ٹو ڈیٹ رکھیں تاکہ ان کے ماہانہ واجبات بر وقت ادا ہوں۔

متعلقہ عنوان :