کسووال ، قبضہ گروپ نے محنت کش کے خاندان پر گاؤں کی حدود میں داخل ہونے پر پابندی لگا دی

تیسری جماعت کے طالبعلم کو سکول جانے سے روک دیا، والدین کی وزیر اعلیٰ سے نوٹس لینے کی اپیل

جمعرات 18 اگست 2016 17:40

کسووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) قبضہ گروپ نے محنت کش کے خاندان پر گاؤں کی حدود میں داخل ہونے پر پابندی لگا دی۔ تیسری جماعت کے طالب علم کو سکول جانے سے روک دیا۔ والدین کی وزیر اعلیٰ سے نوٹس لینے کی دہائی۔ تفصیل کے مطابق نواحی گاؤں 120سیون ای آر سے متصل نہر لوئر باری دوآب کی ملکیتی زمین میں گزشتہ 15برس سے رہائش پذیر محمد ریاض پنجیانہ جو کہ مویشی وغیرہ پال کر اپنا اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کرتا ہے۔

محمد ریاض کے گھر کے آس پاس نہر لوئر باری دوآب کی زمینوں پر 120سیون ای آر کے رہائشی بااثر زمینداروں نے قبضہ کر کے کھیتی باڑی کی ہوئی ہے۔ اب اس قبضہ گروپ نے محمد ریاض کو وہاں سے بھگا کر اس کے گھر میں شامل زمین پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے وہ آئے روز مختلف بہانوں سے تنگ کرتے رہتے ہیں ۔ اب انہوں نے گاؤں کے چوکیدار کے ذریعے محمد ریاض کو پیغام بھجوایا ہے کہ تمہارے خاندان کا کوئی بھی فرد 120سیون ای آر کی حدود میں داخل نہیں ہو سکتا جس میں محمد ریاض کا تیسری جماعت کا طالب علم بیٹا طاہر ریاض بھی شامل ہے جو کہ گورنمنٹ پرائمری سکول 120سیون ای آر میں زیر تعلیم ہے۔

سکول ٹیچر غلام عباس سے رابطہ کرنے پر اس نے بچے کو سکول آنے سے روکنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ میں نے خود ان لوگوں سے بچے کی سکول آنے کی اجازت دینے کیلئے منت سماجت کی ہے لیکن یہ بااثر لوگ نہیں مانے۔ محمد ریاض اور اس کے اہل خانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے بچے کی تعلیم میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف کاروائی کی دہائی دی ہے۔

متعلقہ عنوان :