پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نے مختلف اداروں میں اشتہارات کے بغیر بھرتیوں کی رپورٹ طلب کرلیا

لوگ اربوں روپے کا فراڈ کرکے چلے جاتے ہیں ٗ کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا ٗ لوگ اربوں روپے کا فراڈ کر کے چلے جاتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں،اسلام آباد کا گرینڈ حیات ہوٹل کا اسکینڈل سب کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے ٗپھر کہتے ہیں ہم اچھے ہیں ٗ خورشید شاہ

جمعرات 18 اگست 2016 17:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اگست ۔2016ء) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین خورشید شاہ نے مختلف اداروں میں اشتہارات کے بغیر بھرتیوں کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ اربوں روپے کا فراڈ کرکے چلے جاتے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سید خورشید شاہ کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران خورشید شاہ نے حکومت پرسخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں اربوں روپے کا فراڈ ہورہا ہے اورہم خاموش نہیں رہ سکتے، ملک کے مختلف اداروں میں ٹینڈراوراشتہارکے بغیربھرتیاں ہورہی ہیں، اس سے بڑھ کراورکیا ناانصافی ہوگی قانون صرف غریبوں کے لئے ہے، یہاں انصاف صرف ایک شخص کیلئے نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لوگ اربوں روپے کا فراڈ کر کے چلے جاتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں،اسلام آباد کا گرینڈ حیات ہوٹل کا اسکینڈل سب کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے پھر نعرے لگاتے ہیں ہم بہت پاک، صاف اور اچھے ہیں۔

عدالتیں بھی کرپشن اوراربوں کا فراڈ کرنے والوں کو حکم امتناع دے دیتی ہیں اورایک مقدمے کے 3،3 فیصلے کرتی ہیں۔ انہیں توہین عدالت کا ڈرنہیں کیونکہ وہ پارلیمنٹ میں بات کررہے ہیں۔دوسری جانب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے مختلف اداروں میں گریڈ ون، ایم ون اور ایم ٹومیں بھرتیوں کی رپورٹ مانگ لی، اس موقع پرحکومت بتائے ان عہدوں پر کسے اورکیسے بھرتی کیاگیا۔