Live Updates

ملک کے 7 کروڑ افراد کے بارے میں معلوم نہ ہونا ایک بہت بڑا اسکینڈل ہے، مسئلے کو حل کرنے کے لیے معمول کے مطابق مردم شماری کروانی چاہیے۔تحریک انصاف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 اگست 2016 11:04

ملک کے 7 کروڑ افراد کے بارے میں معلوم نہ ہونا ایک بہت بڑا اسکینڈل ہے، ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18اگست۔2016ء) پاکستان تحریکِ انصاف کے سنیئر رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک کے 7 کروڑ افراد کے بارے میں معلوم نہ ہونا ایک بہت بڑا اسکینڈل ہے، لہذا اب ہمیں اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے معمول کے مطابق مردم شماری کروانی چاہیے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ اگرچہ فوج اس وقت مصروف ہے، لیکن مردم شماری نہ ہونے کی کچھ سیاسی وجوہات بھی ہیں، کیونکہ مردم شماری سے انتخابی نشستیں بھی تبدیل ہوجاتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملک کی کل آبادی کا موجودہ اعداد و شمار 19 کروڑ 60 لاکھ بھی معلوم نہیں کہ درست ہے یا غلط، کیونکہ 1998 میں جو مردم شماری ہوئی اس کے بعد سے حکومت نے خود سے عداد و شمار تیار کرنے شروع کردیے تھے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ ایک ریاضیاتی اعداد و شمار ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کو 7 کروڑ افراد کی تفصیلات کا علم ہی نہیں تو ہم کون سی غربت کی بات کرتے ہیں، لہذا اس کا مطلب یہ کہ حکومت کو ملک میں غربت کا بھی انداز نہیں ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ جب حکومت کو 7 کروڑ آبادی کا پتہ نہیں تو 7 کروڑ ووٹ بھی ریجسٹرڈ نہیں ہوئے اور جو حلقہ بندیاں کی گئیں وہ بھی غلط ہیں۔اس سوال پر کہ کیا آپ اس مسئلے کو قومی اسمبلی میں اٹھائیں گے ؟ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا وہ پہلے ہی ایوان میں اس پر بات کرچکے ہیں اور آبادی کے مسئلے کا واحد حل مردم شماری ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور ریونیو کو بتایا گیا تھا کہ حکومتی ایجنسیوں اور اداروں کے پاس ملک کے 7 کروڑ عوام کا کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات