بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے،مودی کو پاکستان کے داخلی معاملات پر بولنے کا کوئی حق نہیں

وہ کشمیریوں پر کئے جانے والے ظلم و ستم کا عالمی برادری کے سامنے جواب دیں،بلاول بھٹو زرداری

بدھ 17 اگست 2016 22:37

بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے،مودی کو پاکستان کے داخلی معاملات پر بولنے ..

اسلام آباد ۔ 17 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بلوچستان اور گلگت بلتستان سے متعلق بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے سخت اشتعال انگیز اور غیرذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ پارٹی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور مودی کو پاکستان کے داخلی معاملات پر بولنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

نریندر مودی کو کشمیریوں پر کئے جانے والے ظلم و ستم کا سب سے پہلے عالمی برادری کے سامنے جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کئی ہفتوں سے کرفیو لگا ہوا ہے جس کے دوران 79 معصوم کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج نے شہید کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بلوچستان سمیت کسی بھی پاکستانی علاقے سے متعلق مودی کی ایسی زبان برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی پاکستان کی تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ نریندر مودی کا گلگت بلتسستان اور بلوچستان سے متعلق بیان کی مذمت کر تی ہے۔