ملاوٹ مافیا کو معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘ سردارمحمودقادرخان لغاری

بدھ 17 اگست 2016 21:54

ڈی جی خان۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست ۔2016ء )چیئرمین ڈویژنل ٹاسک فورس و ایم پی اے سردار محمود قادر خان لغاری نے کہا ہے کہ ملاوٹ مافیا کو معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے قیمتی جانوں کا ضیاع بھولے نہیں ہیں‘ غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیائے خوردونوش و زرعی ادویات بیچنے والوں کے خلاف صرف ایف آئی آر درج نہ کی جائے بلکہ انہیں گرفتار کیا جائے ان عناصر کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں کمشنر کے کمیٹی روم میں ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر ہوٹل ، ریسٹورینٹ خصوصا مٹھائی کی دکانوں ، کولڈ ڈرنکس ، آئس کریم، دودھ سے کریم نکالنے اور برف کے کارخانوں کی چیکنگ یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب نے افسران کو ہدایت کی کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے تشہیری مہم کو مزید موثر بنائیں او رملاوٹ کے مرتکب افراد کو گرفتار بھی کیا جائے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ تمام ٹی ایم ایزفوری طو رپر تحصیل لیول پر اپنے آفیسرزکی انسپکٹرز کے طور تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کریں تاکہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کو مزید موثر بنایا جاسکے۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ گزشتہ ماہ کے دوران ضلع ڈیرہ غازیخان کے مختلف محکمہ جات نے اپنے 204معائنہ جات کے دوران تین مقدمات کا اندراج کرایا اور تین گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں اور مجموعی طور پر تین لاکھ 16ہزار 300روپے جرمانہ بھی عائد کیاگیا‘ ضلع لیہ میں مختلف محکمہ جات کے 290معائنہ جات کے دوران غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت پر 16مقدمات کا اندراج اور 16گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جبکہ مجموعی طو رپر 15ہزار 900روپے جرمانہ عائد کیاگیا․ ضلع مظفرگڑھ میں 1053معائنہ جات کے دوران 42مقدمات کا اندراج اور 12گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں اور مجموعی طو رپر دو لاکھ 46ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیاجبکہ ضلع راجن پو رمیں855معائنہ جات کے دوران 35ہزار 500روپے جرمانہ عائد کیاگیا․ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ا ظفرضیاء ، ایس ایس پی سپیشل برانچ سید بہار احمد شاہ ، ڈی او سی راجن پو رآفتاب احمد ، ای ڈی او ایگریکلچرعبدالغفور غفاری ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ راجن پو رڈاکٹر غلام مرتضی ، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر گل حسن شاہ ، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اشرف انجم ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔