صوبہ پنجاب میں ہر سال 40ہزار ایجوکیٹرز بھرتی کیے جائیں گے‘ صوبائی وزیرتعلیم پنجاب رانامشہوداحمد

بدھ 17 اگست 2016 21:53

ڈی جی خان۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ میں ہر سال 40ہزار ایجوکیٹرز بھرتی کیے جائیں گے حالیہ بھرتی سے قبل ڈیڑھ لاکھ ایجوکیٹرزتعینات کیے جاچکے ہیں‘جنوبی پنجاب کے سکولوں کی طالبات کو ٹرانسپورٹ اخراجات کیلئے وظائف کی حد 200سے بڑھا کر 1000روپے کر دی ہے‘ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے تحت جنوبی پنجاب کیلئے 53فیصد وظائف مختص کیے‘ایجوکیٹرز کی بھرتی کے ساتھ ساتھ تبادلہ کیلئے بھی میرٹ کا نظام نافذ کر د یاہے‘ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے انقلابی اقدام سے سالانہ امتحان میں محنت اور قابلیت کا انعام ملا ہے کسی کو مستحق کا حق چھیننے نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کااظہار ضلع ڈیرہ غازیخان کے تعلیمی اداروں کے معائنہ کے دوران ایجوکیٹرز ، طلباؤطالبات اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کہاکہ صوبہ میں سکولز او رکالجز کا جال بچھائیں گے۔غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان کیلئے فنڈز دے رہے ہیں اور یونیورسٹی کیلئے ایسے وائس چانسلر کی تلاش جاری ہے جو اس علاقے میں تعلیم اور فلاح کیلئے کام کرے ․ غازی یونیورسٹی کو پنجاب نہیں بلکہ ملک کی بہترین یونیورسٹی بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف شعبہ تعلیم پر خصوی توجہ دے رہے ہیں اس سال 45ارب روپے سے صوبہ میں مزید 36ہزار نئے کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے‘ معیار تعلیم اور سہولیات کی بہتری کیلئے سکولوں کے سربراہان کو 14ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آٹھ سال کے دوران سب سے زیادہ 485فیصد زائد تعلیمی بجٹ دیا‘ وسائل پر بوجھ ہونے کے باوجود علم کے فروغ کیلئے اقدامات کیے ․ ٹرائیبل ایریا ڈیرہ غازیخان میں کیڈٹ کالج نہ صرف علاقہ بلکہ جنوبی پنجاب کیلئے ایک تحفہ ثابت ہو گا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہاکہ صوبہ میں سب سے بڑی فورس ٹیچر ہیں اساتذہ کی ذاتی دلچسپی سے پوزیشنوں کا حصول ممکن ہوتا ہے‘ حالیہ میٹرک سالانہ امتحان میں ڈیرہ غازیخان بورڈ نے صوبہ کو ٹاپ کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں ذہانت کی کمی نہیں ‘ ضرورت اس ا مر کی ہے کہ وسائل اور ذہانت کا مثبت استعمال کیا جائے ․ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر تعلیم نے کہاکہ 2012تک کے ایجوکیٹرز مستقل کیے جا چکے ہیں‘ سال 2013کیلئے عمل جاری ہے ۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی حافظ عبدالکریم ، ای ڈی او ایجوکیشن ارشاداحمد تارڑ، ڈی ای او سکینڈری شوکت علی شیروانی ، ڈی ای او ایلیمنٹری مہر سراج الدین سمیت دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر تعلیم نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری کالج ڈیرہ غازیخان میں زیر تربیت مردوخواتین ایجوکیٹرز سے ملاقات کی اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے خصوصی دلچسپی لینے کی ہدایت کی ۔

اس موقع پر ضلع راجن پو رمیں ایجوکیٹرز کی طر ف سے سکول الاٹ کیے جانے کے معاملے میں گھپلے کی شکایت پر ای ڈی او ایجوکیشن کو فوری طو رپر انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ملاقائد شاہ کا بھی دورہ کیا۔ سکیورٹی ، لیبز او ردیگر شعبوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے لیب کیلئے پرانے کمپیوٹر تبدیل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ادارہ کو قومی مشاہیر کی تصاویر اور شجرکاری کے ذریعے سجانے پر ہیڈمسٹریس ادارہ کیلئے تعریفی سر ٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔علاوہ ازیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہاکہ کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے والی دانش سکول کی ٹیچر کو ملازمت سے برطرف کرنے کیلئے کمیٹی نے سفارشات ایم ڈی دانش سکول اتھارٹی کو ارسال کر دی ہیں صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے دانش سکول ڈیرہ غازیخان کا بھی دورہ کیا۔

انہوں نے کلاس روم میں جاکر طلباؤطالبات سے ذہنی صلاحیت چیک کرنے کیلئے سوالات بھی کیے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے ادارہ کے مختلف شعبوں اور سکیورٹی انتظامات کابھی جائزہ لیا․ اس موقع پر پرنسپلز شبنم حسیب ، کرنل (ر) افتخار حسین اور منیجر ایڈمن میجر (ر) غلام سرور نے ادارہ کے بارے میں بریفنگ دی ۔

متعلقہ عنوان :