کراچی‘ ایم ڈی واٹربورڈ سمیت دیگر حکام کے دفاتر اور تنصیبات پر اچانک چھاپے

تاخیر سے آنیوالے اور بغیر اطلاع غیر حاضر رہنے والے150ملازمین کی فہرست مرتب کرلی گئی

بدھ 17 اگست 2016 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات جام خان شورو کی ہدایت پر ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید سمیت دیگر حکام کے دفاتر اور تنصیبات پر اچانک چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ،تاخیر سے آنیوالے اور بغیر اطلاع غیر حاضر رہنے والے150ملازمین کی فہرست مرتب کرلی گئی ، تحریری وضاحت طلب کرلی جائے گی، جبکہ نظم و ضبط کی پابندی نہ کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی، تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیربلدیات نے ایم ڈی واٹربورڈ کو دفتری نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور ملازمین کے دفتر تاخیر سے آنے کے رجحان کے خاتمے کیلئے سخت ہدایات دی تھیں جس پر ایم ڈی واٹربورڈ نے ایکشن لیتے ہوئے صبح کے اوقات میں واٹربورڈ کے مختلف دفاتر اور تنصیبات پر اچانک چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے، جبکہ تمام ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز کو اپنے متعلقہ دفاترو تنصیبات پر چھاپے مارنے کے احکامات جاری کئے ہیں ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا ہے کہ دفاتر میں مکمل نظم و ضبط قائم کیا جائے ،غیر حاضر او ر عادتاً تاخیرسے دفتر آنیوالے ملازمین ضابطے کی کارروائی کیلئے تیار رہیں انہوں نے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کو متنبہ کیا کہ غیر حاضر ملازمین کی حاضری بنانے والا افسر اپنے کئے کا خود ذمہ دار ہوگا ،انجینئرنگ اور ٹیکس کا فیلڈ اسٹاف صبح دفتر میں حاضری لگانے کے بعد مومنٹ رجسٹر میں اپنی روانگی کے وقت ،مقام اور مقصد کے بارے میں اندراج اور دستخط کریں بعدازاں فیلڈ میں جائیں ،دریں اثناء ایم ڈی واٹربورڈ سمیت دیگر افسران نے واٹر بورڈ کے نائنتھ مائلز کارساز ،جمشید ٹاؤن ٹیکس ،جمشید ٹاؤن واٹراینڈ سیوریج ،صدر ٹاؤن ٹیکس ، کیماڑی ٹیکس ، صدر واٹراینڈ سیوریج ،سی اوڈی پی پی ، سی اوڈی میٹر ڈویژن ، سی اوڈی ڈیزائن اسٹیمٹ سمیت دیگر دفاتر پر مختلف اوقات میں چھاپے مارے ،اس دوران 150ملازمین غیر حاضر پائے گئے ،فوری طور پر ان کے ناموں کی فہرست مرتب کرلی گئی ہے جبکہ ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے عادتاً تاخیر سے آنے والے اور بغیر اطلاع غیر حاضر رہنے والے ملازمین سے تحریری جواب طلبی کی جائے گی ،اطمینان بخش جواب موصول نہ ہونے پر ان کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی ، واضح رہے کہ واٹربورڈ کے دفاتر اور تنصیبات میں مختلف شفٹوں میں کام ہوتا ہے ایم ڈی واٹربورڈ نے تمام ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز اور شعبہ جات کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اچانک مختلف اوقات میں چھاپے ماریں تاکہ شفٹوں میں تعینات ملازمین کی حاضری بھی چیک کی جاسکے مزید برآں واٹربورڈ کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نے ایم واٹربورڈ کی ہدایت پر مختلف شعبہ جات کے سربراہان بشمول ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملازمین کی حاضری کے ساتھ غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے نام، ایمپلائی نمبر اور غیر حاضری و تاخیر سے دفتر آنے سے متعلق باقاعدہ سرٹیفکٹ اے او اسٹیبلشمنٹ کے دفتر میں جمع کرائیں۔

متعلقہ عنوان :