جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان اور ملک میں حقیقی و پائیدار تبدیلی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے،جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

بدھ 17 اگست 2016 21:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان اور ملک میں حقیقی و پائیدار تبدیلی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے،آج وطن عزیز جن مسائل اور اندرونی و بیرونی طور پر خطرات سے دوچار ہے ایسے میں کرپشن سے پاک و با کردار قیادت کی اشد ضرورت ہے،جس کیلئے جماعت اسلامی کوشاں ہے۔

4 تاء 6 نومبر کو کراچی میں جماعت اسلامی سندھ کا سہ روزہ اجتماع برائے ارکان و امیدواران منعقد ہوگا جس مین سندھ بھر سے ارکان و امیدواران شریک ہوں گے جبکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق،لیاقت بلوچ سمیت دیگر رہنما،علمائے کرام ودانشور خطاب کریں گے ۔ امیر حلقہ کراچی حافظ نعیم الرحمن کواس سلسلے میں انتظامی امور کے حوالے سے ناظم اجتماع مقرر کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر قباء آڈیٹوریم میں منقعدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اجلاس میں سہ روزہ اجتماع کے حوالے سے تجاویز اور منصوبہ بندی بھی کی گئی اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی رضائے الہٰی کے حصول کی خاطرانسانیت کی خدمت اور اصلاح معاشرہ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔