چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے علاقائی بینچز کا مسئلہ حل کر دیا، 5ڈویژنز کے سائلین کے کیسز سننے کے لئے سپیشل بینچز کی تشکیل کا فیصلہ

ہائیکورٹ سپیشل بینچز فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال اور ڈی جی خان کے مقدمات کی جو کاز لسٹ جاری کریں گے انکی سماعت ہر صورت اسی روز ہو گی ،کوئی کیس بغیر کارروائی کے ملتوی نہیں ہو گا

بدھ 17 اگست 2016 21:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے علاقائی بینچز کا مسئلہ حل کر دیا، ہائیکورٹ میں 5ڈویژنز کے سائلین کے کیسز سننے کے لئے سپیشل بینچز کی تشکیل کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سید منصور علی شاہ اپنے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے چیف جسٹس نے علاقائی بینچز سے متعلق وکلا ء کے تنازعہ کو بھی حل کر دیا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منصور علی شاہ نے فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال اور ڈی جی خان کے سائلین کے لئے ہائیکورٹ میں ہی سپیشل بینچز تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تشکیل دیئے گئے سپیشل بینچ صرف انہی ڈویژن کے سائلین کے مقدمات کی سماعت کریں گے۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ سپیشل بینچز فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال اور ڈی جی خان کے مقدمات کی جو کاز لسٹ جاری کریں گے، ان کی سماعت ہر صورت اسی روز ہو گی اور کوئی کیس بغیر کارروائی کے ملتوی نہیں ہو گا۔

اس فیصلہ سے سائلین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔پانچوں ڈویژنز کے سائلین کے لئے ہائیکورٹ میں سپیشل بینچ تشکیل دینے پر وکلا نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منصور علی شاہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ وکلا کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس منصور علی شاہ کے اس فیصلہ سے سائلین کے ساتھ ساتھ وکلا کو بھی آسانی ہو گی۔وکلا کا یہ بھی کہنا تھا کہ سائلین کو انصاف کی بروقت فراہمی میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے وہ چیف جسٹس منصور علی شاہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔