خیبرپختونخوا حکومت پائیدارمعاشی ترقی کے لئے مثبت اصلاحات لانے میں پر عزم ہے،انیسہ زیب طاہر خیلی

بدھ 17 اگست 2016 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخواکی وزیر محنت اور معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کے لئے مثبت اصلاحات لانے میں پرعزم ہے اور صوبے میں بیش قیمت معدنی ذخائر کے ساتھ ساتھ تیز رفتار معاشی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کرکے صوبے کو معاشی لحاظ سے مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

صوبے میں صنعتی ترقی اورصنعتوں کے استحکام کے لئے موجودہ صوبائی حکومت نے نمایاں اقدامات اٹھائے ہیں جس کی بدولت سرمایہ کارصوبے کا رخ کر رہے ہیں اور یہاں صنعتیں مستحکم ہو رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کی غرض سے صوبائی حکومت ،یو این ڈی پی اور سمیڈاکے ترقیاتی پراجیکٹ’’سپلائرز ڈیویلپمنٹ پروگرام‘‘کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سیکرٹری صنعت و حرفت فرح حامد خان،سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات سید ظفرعلی شاہ،یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹرمارک اینڈری فرینک اور خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈیویلپمنٹ اینڈمینجمنٹ کمپنی کے چیف کمرشل آفیسر عادل صلاح الدین کے علاوہ کاروباری حضرات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر حضرات نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس پروگرام کے شروع کرنے کا مقصدصوبے میں روزگار کے مواقع پیداکرنا ، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار کو فروغ دینا اور نوجوان کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے میں یو این ڈی پی کے تعاون سے سپلائرزڈیویلپمنٹ پروگرام کی شروعات صنعتی شعبے کے استحکام میں فائدہ مندثابت ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ اس کی بدولت صنعتیں نئی ٹیکنالوجی اپنا کر اپنی پروڈکشن میں اضافہ کر سکیں گی اور اس اقدام سے نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ہماری صنعتوں کی پروڈکشن بڑھے گی جبکہ صوبائی حکومت اس پروگرام کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرے گی۔تقریب سے سیکرٹری صنعت و حرفت فرح حامد خان،سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات سید ظفر علی شاہ،یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر مارک اینڈری فرینک و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :