پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے ،دنیا میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں ‘ رفیق رجوانہ

پاکستانی امن پسند اور محبت بانٹنے والی قوم ہے ،منفی تاثر رکھنے والوں کو میں پاکستان آنے کی دعوت دیتا ہوں ‘ گورنر پنجاب کی گفتگو

بدھ 17 اگست 2016 19:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے جس نے دنیا میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے ،پاکستانی امن پسند اور محبت بانٹنے والی قوم ہے اور اس کے بارے میں منفی تاثر رکھنے والوں کو میں پاکستان آنے کی دعوت دیتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں اور پاکستان کی خوب صورت ثقافت ، تہذیب و تمدن اور معاشرتی بھائی چارے کا بھرپور مشاہدہ کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے لاہور میں قائمقام امریکی قونصل جنرل مس ڈیبورا روبن سن سے گفتگو کے دوران کیا، جنہو ں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی -گورنر پنجاب نے کہا کہ جو بھی غیر ملکی پاکستان کا دورہ کرتا ہے ‘اس مٹی اور اس کے بسنے والے افراد کی محبت کا گرویدہ ہو جا تا ہے اور پاکستان میں گزارے جانے والے لمحات اس کی زندگی کا بہترین وقت بن جاتا ہے- انہو ں نے کہا کہ بعض غیر ملکی عناصر پاکستان کے خلاف محض پراپیگنڈے میں مصروف ہیں ، اب دنیا پاکستان کے امن کے عزم کی قائل ہو چکی ہے- انہو ں نے کہا کہ گذشتہ پانچ برسوں کے دوران پنجاب اور بالعموم پورے پاکستان میں مختلف شعبوں میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں سے عالمی سطح پر یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان ایک ترقی پسند ملک ہے - گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم صحت اور فراہمی انصاف کے حوالے سے حکومت کے اقدامات کو عالمی طاقتیں بھی سراہ رہی ہیں -گورنر پنجاب نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے عمل میں اسٹریٹجک پارٹنر ہے ، خصوصا دہشت گردی کے خاتمے اور امن وا مان کی صورت حال میں بہتری لانے کے لیے امریکہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون قابل تحسین ہے - انہو ں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مو ثر حکمت عملی پر کام ہو رہا ہے اور باہمی تعاون کے لیے نئے شعبوں کے لیے راہ ہموار کی جا رہی ہے-امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی شہر لاہور میں ذمہ داریاں ادا کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے اور وہ لاہور کی ثقافت اور یہاں کے عوام کی محبت سمیٹنے آئی ہیں - انہو ں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون پر مبنی اپنے تعلقات کو وسعت دیتا رہے گا اس سلسلے میں عوامی سطح پر رابطوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی- انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں سوشل سیکٹر میں ہونے والی ترقی قابل رشک ہے جس کی بدولت یہاں کے عوام کا معیار زندگی بتدریج بہتر ہو رہا ہے - بعد ازاں سٹینڈرڈ چارٹر ڈ بنک کے عالمی سربراہ مسٹر الیکس مینسن کی قیادت میں ادارے کے وفد نے گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب کے گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی - اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہاکہ اقتدار سنبھالنے کے بعد موجووہ قیادت کے لیے سب سے بڑا چیلنج ملکی معیشت کی بحالی اور اقتصادی سرگرمیوں کا فروع تھا - انہوں نے کا اہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی پوری معاشی و اقتصادی ٹیم ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے میں کامیاب ہو چکی ہے اور ملکی معیشت بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہے - انہو ں نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے خوصلہ افزاء اعشاریے سامنے آنے کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں پر پاکستان کی طرف رخ کرنا فطری سی بات ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے کاروباری گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں - گورنر پنجاب نے کہا کہ بنکنگ سیکٹر کا شمار بھی پاکستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے شعبوں میں ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ کئی بین الاقوامی گروپ پاکستان میں اپنی سروس کا آغاز کر چکے ہیں -گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرتے ہوئے ایسی سرمایہ کار دوست پالیسیاں نافذ کر رہی ہے جن کی وجہ سے اقتصادی سرگرمیو ں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے - انہو ں نے کہا کہ ملک سے غربت کے خاتمے اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کے اقتصادی وژ ن کے باعت سرمایہ کاری کا ساز گار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف ملکی سرمایہ کار بلکہ غیر ملکی تاجر بھی استفادہ حاصل کر رہے ہیں -گورنر نے وفد سے کہا کہ وہ پاکستان میں معاشی ترقی کے بڑھتے ہوئے رجحانات سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کے مختلف علاقوں میں اپنی سروس کا دائرہ کار بڑھائیں۔