کمرشلائزیشن کروانے کی یقین دہانی پر سر بمہر کیا جانے والا سکول کھول دیا گیا

بدھ 17 اگست 2016 17:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے غیر قانونی طور پر کمرشل سرگرمیاں کرنے کی بنا پر پلاٹ نمبر 358بلاک جی فور جوہر ٹاؤن میں سر بمہر کیا جانے والی نجی سکول مالکان کی طرف سے کمرشلائزیشن کروانے اور کمرشلائزیشن فیس ادا کرنے کی یقین دہانی پر سکول کھول دیا گیا - مذکورہ پلاٹ پر قائم سکول ہمسائیوں سے این او سی حاصل کئے بغیر چلایا جا رہا تھااور یہاں غیر قانونی طور پر کمرشل سرگرمیاں جاری تھیں- اس پلاٹ کی کمرشلائزیشن نہیں کروائی گئی تھی - کمرشلائزیشن کروانے اور فیس ادا کرنے کے لئے مالکان کو دو نوٹس دئیے گئے تھے - سکول سر بمہر کرنے سے قبل منگل کو سکول انتظامیہ کو وارننگ بھی دی گئی-تا ہم ان کی طرف سے اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں کی گئی-سکولوں کو سر بمہر کرنے کے طریقہ کار کے مطابق گزشتہ روز سکول کھلنے اور وہاں بچوں کی آمد سے پہلے اسے سر بمہر کیا گیا تا کہ بچے اپنے والدین کے ہمراہ گھر واپس جا سکیں - ایل ڈی اے کی طرف سے سکول کا صرف مین گیٹ سیل کیا گیا ‘ سائیڈ والا چھوٹا گیٹ کھلا رکھا گیا -تا ہم بعد ازاں مالکان کی طرف سے کمرشلائزیشن فیس ادا کرنے اور عارضی کمرشلائزیشن کروانے کی یقین دہانی پر سکول کھول دیا گیا ہے -

متعلقہ عنوان :