رواں سال صوبے کے اہم شہروں میں صفائی ، خوبصورتی کے پلان کیلئے 6ارب روپے مختص کئے ہیں،عنایت اﷲ

صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو خوبصور ت بنانے کیلئے بیوٹیفیکیشن آف ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے نام سے بڑا منصوبہ شروع کیا گیا ہے ،سینئروزیرخیبرپختونخوا

بدھ 17 اگست 2016 17:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو خوبصور ت اور ماڈل شہر بنانے کیلئے بیوٹیفیکیشن آف ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے نام سے ایک بڑا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس پر امسال 6ارب روپے خرچ ہونگے جبکہ پچھلے سال اس مد میں 1ارب 30کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کے تحت مینگورہ،ایبٹ آباد،مردان، کوہاٹ،ڈی آئی خان اور بنوں شہر میں پارکوں، فٹ پاتھوں او ر گرین بیلٹس کو خوبصورت اور جدید طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مینگورہ سوات میں جماعت اسلامی کی صوبائی مجلس شوریٰ کی کانفرنس کے اختتام پر میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ترقیاتی پلان سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر نے مینگورہ میں ماڈرن بس ٹرمینل تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ وہ عوام کی بے لوث خدمت کا جذبہ لے کر میدان سیاست میں آئے ہیں اور ان پر جو اعتماد کیاگیا ہے وہ اسے ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور ان کی کوشش ہے کہ صوبے کا کوئی فرد جاری ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورتی و آرائش کے منصوبوں کو ضلعی سطح تک توسیع دی جائے گی تاکہ پورے صوبے کے عوام بھرپور انداز میں ان سے استفادہ کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں مینگورہ، ایبٹ آباد، مردان ،ڈی آئی خان، کوہاٹ اور بنوں میں نہ صرف صفائی کی صورت حال بہتر ہو رہی ہے بلکہ آبنوشی اورنکاسی آب کے نظام میں بھی بہتری آنے سے عوامی مشکلات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :