ڈی سی اوو ڈی پی او کا ضلع کے سکولوں کا دورہ ،سکیورٹی انتظامات کا جائز ہ لیا

بدھ 17 اگست 2016 16:44

اوکاڑہ۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست۔2016ء)ڈی سی او سقراط اما ن رانا اور ڈی پی او فیصل رانا کا ضلع کے مختلف سکولوں اور یونیورسٹی آف اوکاڑہ کا دورہ ،سکیورٹی انتظامات، طالب علموں کی راہنمائی اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات کا جائز ہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیمی اداروں کے داخلی و خارجی راستوں ،بیریئرز ،سی سی ٹی وی کیمروں،بنکرز ،واک تھرو گیٹس ،میٹل ڈیٹیکٹر ،کنٹرول رومز اورسکیورٹی سٹاف کے زیر استعمال ہتھیاروں کا بھی جائزہ لیا ،ڈی سی او و ڈی پی او نے فیکلٹی ممبران سے بھی ملاقات کی اور ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے نتیجہ میں افواہوں ،بچوں کے اغواء و دیگر غیر مصدقہ انتشار پھیلانے والی خبروں سے متعلق تبادلہ خیال کیا، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کیلئے افواہ سازی اور انتشار پر مبنی جھوٹی خبریں پھیلا کر ہمارے اتحاد اور یکجہتی کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں ،حکومت اور ضلعی انتظامیہ اپنے اداروں کی سکیورٹی اور حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، انہوں نے پرائمری اور مڈل حصہ کے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ چھوٹے بچوں کے والدین کو بھی افواہوں اور انتشار والی خبروں سے آگاہ کریں اور انہیں بتائیں کہ ضلع میں تمام حالات کنٹرول میں ہیں اور ہر طرح کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے ۔