پولٹری مصنوعات کی پیداوار میں اضافے کے لیے پولٹری ریسریچ انسٹیٹوٹ شمس آباد راولپنڈی میں مختلف کورسز کروائے جارہے ہیں،ڈاکٹر عبدالرحمان

بدھ 17 اگست 2016 16:15

راولپنڈی ۔ 17 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر میں پولٹری مصنوعات کی پیداوار میں اضافے کے لیے پولٹری ریسریچ انسٹیٹوٹ شمس آباد راولپنڈی میں مختلف کورسز کروائے جارہے ہیں۔یہ بات ڈائریکٹر پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ راولپنڈی ڈاکٹر عبدالرحمان نے ایک ملاقات میں بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ گھریلو افراد کو پولٹری کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لیے انسٹیٹیوٹ میں ہر ماہ دو ہفتے کامفت کورس کروایاجاتا ہے جس میں حصہ لینے والے افراد کو گھروں میں مرغیوں کو پالنے کے ساتھ ساتھ کمرشل فارمنگ کے بارے میں بھی ٹریننگ فراہم کی جاتی ہے۔کورس میں پولٹری کے بارے میں جنرل انفارمیشن ، مرغیوں کی اقسام، بریڈنگ، فیڈنگ، ہیچری، بیماریوں سے تحفظ، ادویات ، واٹرنگ، زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے طریقے اور مارکیٹنگ کے بارے میں بنیادی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انسٹیٹوٹ میں کورسز کورس انچارج رشید انجم ،ڈاکٹر عثمان ، ڈاکٹر فوذیہ سروراور ویٹرنری اسسٹنٹ یاسر ملک کی زیر نگرانی کروائے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالرحمان نے بتایا کہ دو ہفتے کے کورس میں اس وقت تک کم و بیش دو ہزار سے زائد افراد کو پولٹری کے بارے میں بنیادی تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔جو اپنے گھروں میں مرغیوں کی فارمنگ کرکے اپنے معاشی معاملات کو بطریق احسن چلارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ریسرچ انسٹیٹوٹ راولپنڈی میں پولٹری اسسٹنٹ کا دو سالہ کورس شروع کیا جارہا ہے جس کے لیے خواہشمند افراد سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ اس سلسلہ میں درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 26 اگست ہے ۔دو سالہ کورس میں میٹرک سائنس میں مجموعی طور پر 45فیصد نمبرحاصل کرنے والے طلبہ و طالبات حصہ لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ پر آنے والے افراد کو یونیورسٹی کی جانب سے رہائش مفت فراہم کی جائے گی۔ جبکہ کورس کے اختتام پر کامیاب طلبہ و طالبات کو پرائیویٹ اور سرکاری اداروں میں جاب کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورس کے انعقاد کا مقصد صوبہ میں پولٹری مصنوعات میں اضافہ اور اس سے وابستہ ہونے والے افراد کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا ہے تاکہ وہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرکے ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پولٹری ملک کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں نہایت اہم رول ادا کررہی ہے۔ مرغی کا گوشت اور انڈے انسانی صحت کے لیے لازمی جرو کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کمرشل بنیادوں کے ساتھ ساتھ گھریلو سطح پرزیادہ سے زیادہ مرغبانی اختیار کی جائے تاکہ شہریوں کو تازہ گوشت اور انڈے ارزاں نرخوں پر میسر آسکیں۔انہوں نے بتایا کہ مزید معلومات کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ ہیلپ لائن 049-4472040پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :