(ن)لیگی حکومت آزاد کشمیر میں نئے ویژن و جذبے کیساتھ میدان عمل میں اتری ہے، مشتاق احمد منہاس

بدھ 17 اگست 2016 15:26

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 اگست ۔2016ء) وزیر اطلاعات، سیاحت و آئی ٹی آزاد جموں کشمیر مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد کشمیر میں ایک نئے ویژن و جذبے کے ساتھ میدان عمل میں اتری ہے۔ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو آزادکشمیر بھر میں بھاری مینڈیٹ کے ساتھ کامیاب کیا وہ قابل تحسین ہے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات، سیاحت و آئی ٹی آزادجموں کشمیر مشتاق احمد منہاس نے اپنے آفس چیمبر میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے مختلف حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے سیاسی و سماجی افراد کے مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں اداروں کی بحالی و میرٹ کی بالا دستی کے لئے حکمت عملی کے تحت کام کریں گے اور آزاد کشمیر کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی روشن خیالی و آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ خصوصی دلچسپی کے باعث عوام نے اس بار مسلم لیگ ن کو جو بھاری مینڈیٹ دیا اس کے پیش نظر ان کو درپیش تمام تر مسائل کے حل کے لئے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر بھر میں انقلابی اصلاحات کا نفاذ کرے گی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی مشتاق احمد منہاس نے اطلاعات، سیاحت و آئی ٹی میں تقرریوں و تبادلوں پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے ذمہ داران کو ہدایات بھی جاری کیں کہ آئندہ ان محکمہ جات میں کسی قسم کی تقرری و تبادلہ جات کے حوالہ سے مکمل گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ آئین و میرٹ کی بالادستی ، آزاد کشمیر میں سرکاری ،مالیاتی و انتظامی کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گے۔ کرپشن کا آلہ کار بننے والے ملازمین کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق بہتر منصوبہ بندی کر کے وسائل کا بہتر استعمال کیا جائے گا۔ اس موقع پر ملاقات کیلئے آئے ہوئے مختلف حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے سیاسی و سماجی افراد نے ان کے اقدامات کی مکمل تائید وحمایت کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا بھرپور یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :