بھارت کشمیرمیں رواں انتفادہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،نریندرمودی کی تقریر بلوچستان میں ’را‘ کی مداخلت کا اعتراف ہے

پاکستان کو انسانی حقوق اور عوام کی امنگوں کا درس دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں،سید علی گیلانی

بدھ 17 اگست 2016 14:07

سرینگر ۔ 17 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاہے کہ رواں کشمیر انتفادہ نے بھارت کو بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے جو اب مقبوضہ علاقے کی کشیدہ صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنارہاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جموں وکشمیرمیں کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد نے بھارت کی پریشانی بڑھادی ہے جو کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ پر تقریر سے عیاں ہے ،جس میں پہلی بار کسی بھارتی وزیر اعظم نے اس بات کا برملا اعتراف کیا ہے کہ بھارت پاکستان کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت سے روکنے کیلئے بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کا سہارا لے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نریندرمودی نے تسلیم کیاکہ بلوچستان اور پاکستان کے دیگر حصوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کام کررہی ہے۔ ا نہوں نے نریندر مودی کی لال قلعہ پر تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں طویل عرصے سے دراندازی کی بھارت کی پالیسی کا مقصد پاکستان کے معاشی استحکام پر حملہ اور امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنا ہے تاکہ پاکستان پاک چین اقتصادی راہداری کی طرح علاقی تجارت اور سرمایہ کاری کا مرکز نہ بن سکے ۔

سیدعلی گیلانی نے کہاکہ پاکستان کو انسانی حقوق اور عوام کی امنگوں کا درس دینے والوں کو اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنا چاہیے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والے نہتے کشمیریوں کو کس طرح گولیوں سے خاموش کرتی ہے۔نریندر مودی کی تقریر کو ذہنی خلفشار اور بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نے آزاد کشمیر کا ذکر کرکے اپنی پاکستان دشمنی کا کھل کراظہار کیا ہے۔

آزادکشمیرمیں دستوری انتظامات کئے گئے ہیں، وہاں کا اپنا صدر اوروزیر اعظم ہیں، ان کا اپنا جھنڈا ہے اور اپنی سپریم کورٹ ہے، یہی نہیں بلکہ پاکستان کے دستور میں یہ بات موجود ہے اور پاکستان کے حکمران اس پر کاربند ہیں کہ جب بھی رائے شماری کا موقعہ آئے گا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر من وعن عمل درآمد کیا جائیگا۔ حریت چیئرمین نے کہاکہ کشمیر میں گزشتہ 70برس سے جاری جدوجہدآزادی اور خاص طورپر گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جاری عوامی انتفادہ سے بھارتی حکمرانوں اورانکے آلہ کاروں کے پاؤں تلے سے زمین سرک گئی ہے اور اسی ہڑبھڑاہٹ اور ذہنی تناؤ کے نتیجے میں نریندر مودی ہی نہیں بلکہ ان کی ذہنیت کے باقی لوگ بھی بھارت کے علاوہ باقی جگہوں پر ترنگا لہرانے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔

ا نہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران چین اور پاکستان کی اقتصادی راہداری کے عمل کو دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں اور چونکہ گوادر کی بندرگاہ بلوچستان میں ہے اس لیے وہاں کے عوام کے ساتھ ہوئی زیادتیوں کا بہانا بناکر وہاں امن و امان کا مسئلہ پیدا کر نے کی گھناؤنی سازش کی جارہی ہے تاکہ اس خطے میں بدامنی پیدا کر کے اور پاکستان کے اقتصادی استحکام کو نشانہ بناکر اپنے پاکستان دشمن ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنا سکے۔انہوں نے کہاکہ اس سازش کا اصل مقصد پاکستانی عوام اور حکمرانوں کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت ترک کرنے پر مجبور کرنا ہے ۔