پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی چیئرمین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم کی سیرت طیبہ مسلمانوں کی کامیابی اور فلاح کیلئے مینار ہ نور کی حیثیت رکھتی ہیں

Malik Usman ملک عثمان بدھ 17 اگست 2016 13:34

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اگست - 2016ء ) پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی چیئرمین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم کی سیرت طیبہ مسلمانوں کی کامیابی اور فلاح کیلئے مینار ہ نور کی حیثیت رکھتی ہیں جس پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی عاقبت سنوار سکتے ہیں ۔آپﷺ کی حیات طیبہ اعلیٰ وارفع انسانیت کا کامل نمونہ ہے جو تا ابدتمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جامع فیضان نبویﷺ میں منعقدہ ماہانہ محفل میلاد مصطفیﷺ سے صدارتی خطاب میں کیا اور کہا کہ آپﷺ کی آمد سے گلشن توحید میں بہار آئی اور کفر و شرک کا خاتمہ ہوا۔آپ ﷺ نے دنیا میں بنیادی انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کیساتھ ساتھ حقوق العباد کی ایسی تلقین فرمائی کہ جس کی نظیر دیگر مذاہب پیش کرنے سے قاصر ہیں۔

(جاری ہے)

پیر حافظ محمد اشرف نقشبندی نے کہا کہ عشق مصطفےٰ مومن کی میراث ہے اور زندگی کے تمام شعبوں میں اتباع رسول کامیابی اور فلاح ونجات کا ذریعہ ہے۔آپﷺ کی پوری زندگی قرآن پاک کی عملی تفسیر ہے ۔علامہ محمد ظفر اقبال نعیمی نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو آپ کی تعلیمات کے مطابق ڈھا لنا ہوگا تب ہی ہم دنیا وآخرت میں کامیابی وکا مرانی حاصل کرسکتے ہیں۔محفل سے علامہ مفتی خادم حسین خادم القادری ،نصیر احمد موہڑوی ،ڈاکٹر نذیر احمد ،محمد زریاب اشرف ،شمس الدین قادری و دیگر نے بھی خطاب اور بحضور سرورکونینﷺ عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

متعلقہ عنوان :