اردو ادب کے عظیم شاعر احمد فراز کی آٹھویں برسی 25اگست کو منائی جائے گی

بدھ 17 اگست 2016 13:26

اردو ادب کے عظیم شاعر احمد فراز کی آٹھویں برسی 25اگست کو منائی جائے گی
جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 اگست ۔2016ء) اردو ادب کے عظیم شاعر احمد فراز کی آٹھویں برسی 25اگست کو منائی جائے گی ۔اس سلسلے میں جہانیاں سمیت ملک بھر کے ادبی حلقوں میں تعزیتی سیمینار اور تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں احمد فراز کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ احمد فراز گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے اور وہ 25اگست 2008ء کو انتقال کر گئے تھے ۔

احمد فراز 14جنوری 1931کو پشاور میں پیدا ہوئے تھے ۔دوران تعلیم انہوں نے اپنا پہلا شعری مجموعہ تنہا تنہا لکھا تھا۔ احمد فراز کے مجموعہ کلام میں تنہا تنہا،درد آشوب،بے آواز گلی کوچوں میں،نابینا شہر میں آئینہ،نایافت،خواب گل پریشاں ہیں،جاناں جاناں،غزل بہانہ کروں اور دیگر قابل ذکر ہیں۔

(جاری ہے)

احمد فراز کو آدم جی ایوارڈ،ستارہ امتیاز،ہلال امتیاز،اباسین ایوارڈ،نقش ادب ایوارڈ سمیت لاتعداد ملکی و غیرملکی ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔

احمد فراز نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں بعض پالیسیوں کی مخالفت پر احتجاجاًہلال امتیاز واپس کر دیا تھا۔احمد فراز کی شاعری کے انگریزی،فرانسیسی،پنجابی،جرمن،روسی اور دیگر زبانوں میں بھی تراجم شائع ہو چکے ہیں۔احمد فراز گردوں کے عارضے کا شکار تھے وہ علاج کیلئے امریکہ بھی گئے تھے جہاں سے وہ صحتیاب ہو کر آئے تھے۔ 25 اگست 2008ء کو وہ اچانک گردوں کی بیماری کی وجہ سے اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں جاں بحق ہوئے ۔