کشمیریوں کے قتل عام پر عالمی برادی کی خاموشی افسوسناک ہے، یاسین ملک

بدھ 17 اگست 2016 12:22

سرینگر ۔ 17 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 اگست ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید چھ بیگناہ کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے بے دریغ قتل عام پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قابض فوجیوں نے 8جولائی سے اب تک اسی کے قریب نہتے کشمیریوں کو قتل جبکہ ہزاروں کو زخمی کیاجس پر عالمی برادری نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ یاسین ملک نے کہاکہ بٹہ مالو میں فوجیوں نے پیر کی شام کو ایک کم عمر لڑکے کو گولی مار کر قتل کر دیا جس کے خلاف علاقے کے لوگوں نے پوری رات احتجاج کیا لیکن عالمی برادری ٹس سے مس نہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا حالیہ قتل عام اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی حکومت نے اپنی فورسز کو کشمیریوں کے قتل کا لائنسس دے رکھا ہے۔ محمد یاسین ملک نے غم زدہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

متعلقہ عنوان :