ایرانی سفیر کا افغان طالبان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت پر شک وشبے کا اظہار

کوئٹہ ڈرون حملے میں مارے جانے والے شخص کا پاسپورٹ ولی محمد کے نام سے تھا، ایسے میں ہم کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ وہ طالبان امیر ملا اختر منصور ہی تھا؟، ایسے شواہد نہیں ملے کہ ملا اختر منصور یا ولی محمد ایران سے آرہے تھے، ایران نے پاکستان کو کلبھوشن یادیو کے حوالے سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، ایران نے منصوبے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کردی ہیں، چابہار بندرگاہ اور ہندوستان کے ساتھ تجارت کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں ، چابہار بندرگاہ جو بھی استعمال کرنا چاہتا ہے ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی میڈیا سے گفتگو

پیر 15 اگست 2016 22:10

ایرانی سفیر کا افغان طالبان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت پر ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اگست ۔2016ء) پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے افغان طالبان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت کے کئی ماہ بعد اس پر شک و شبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کو ئٹہ ڈرون حملے میں مارے جانے والے شخص کا پاسپورٹ ولی محمد کے نام سے تھا، ایسے میں ہم کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ وہ طالبان امیر ملا اختر منصور ہی تھا؟، ایسے شواہد نہیں ملے کہ ملا اختر منصور یا ولی محمد ایران سے آرہے تھے، ایران نے پاکستان کو کلبھوشن یادیو کے حوالے سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

پیر کو پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ڈرون حملے میں مارے جانے والے شخص کا پاسپورٹ ولی محمد کے نام سے تھا، ایسے میں ہم کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ وہ طالبان امیر ملا اختر منصور ہی تھا؟انہوں نے کہا کہ ایسے شواہد نہیں ملے کہ ملا اختر منصور یا ولی محمد ایران سے آرہے تھے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ولی محمد نامی شخص کے پاسپورٹ پر ویزہ جاری کیا تھا، اگر اصلی پاسپورٹ ولی محمد کا تھا تو ہم کس طرح کہہ سکتے ہیں مارا جانے والا طالبان کمانڈر تھا۔

گرفتار ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایران نے پاکستان کو کلبھوشن یادیو کے حوالے سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔مہدی ہنر دوست کا پاک۔ ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس منصوبے سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ ایران نے منصوبے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چابہار بندرگاہ اور ہندوستان کے ساتھ تجارت کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے جو اعداد و شمار بتائے جارہے ہیں وہ حقائق سے کہیں زیادہ ہیں، جبکہ چابہار بندرگاہ جو بھی استعمال کرنا چاہتا ہے ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں۔یاد رہے کہ ملا اختر منصور کو رواں سال 21 مئی کو بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ملا اختر منصور کی ڈی این اے رپورٹ میں بھی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی، جبکہ افغان طالبان کے سینئر کمانڈر ملا عبدالرؤف نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔