لاہورہائیکورٹ کا میاں اسلم بشیر کی برادرشوگر مل کے واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف برہمی کا اظہار

کین کمشنر کو آئندہ سماعت تک چینی کا سٹاک فروخت کرکے 6ستمبر کو عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم

پیر 15 اگست 2016 20:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اگست ۔2016ء) چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے میاں اسلم بشیر کی برادرشوگر مل کے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف سماعت کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور کین کمشنر کوحکم دیا کہ آئندہ سماعت تک چینی کا سٹاک فروخت کرکے 6ستمبر کو عملدرآمد رپورٹ پیش کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق درخواست گزار نے برادر شوگر مل کے خلاف زمینداروں اور بینکوں کے20سے زائد کروڑ روپے کی عدم ادائیگی کرنی ہے جبکہ عدالت نے چینی کا سٹاک فروخت کرکے ادائیگیاں کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم کے باوجود کین کمشنر نے چینی کا سٹاک فروخت نہیں کیا۔ عدالتی حکم پر کین کمشنر عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا موقف پیش کرتے ہوئے عدالت کوبتایا کہ یوٹیلیٹی کارپوریشن نے چینی کی بڈز جمع کروادی ہیں اور کمیٹی کی منظوری کے بعد ادائیگیاں کردی جائیں گی۔ اس پر عدالت نے کین کمشنر کی جانب سے چینی کا سٹاک بروقت فروخت نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اورکہا کہ اگر آپ کام نہیں کرسکتے تو نیا کین کمشنر تعینات کرنے کا حکم دے دیتے ہیں۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک چینی کا سٹاک فروخت کرکے عملدرآمد پر رپورٹ 6ستمبر کو عدالت میں پیش کریں۔

متعلقہ عنوان :