پاکستان اور ایرانکے مابین تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک لے جانے کی گنجائش موجود ہے،ذوالفقار علی خان

ایرانی سرمایہ کارخیبر پختونخوا میں ہائیڈل پاور جنریشن کے شعبے سمیت صنعت و تجارت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ حاصل کریں، صدر خیبر پختونخواہ کامرس اینڈ انڈسٹری

پیر 15 اگست 2016 20:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان نے پاکستان اور ایران کے مابین باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک لے جانے کی گنجائش موجود ہے۔ ایرانی سرمایہ کارخیبر پختونخوا میں ہائیڈل پاور جنریشن کے شعبے سمیت صنعت و تجارت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ حاصل کریں ۔

پاکستان اور ایران کے مابین سمگلنگ دونوں ممالک کی معیشت کے لئے نقصان دہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ایران کے سفیر Mehdi Honardoost کے دورہ خیبر پختونخوا چیمبر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پشاور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل محمد باقر بیگی چیمبر کے سابق صدور فواد اسحق شرافت علی مبارک چیمبر کے سینئر نائب صدر عماد رشید چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین عبدالحکیم شنواری عبدالجلیل جان صادق امین راشد اقبال صدیقی محمداشتیاق اور محمد شفیق ملک افتخار احمد اعوان ضیاء الحق سرحدی عابد اللہ فیض رسول ڈاکٹر خوشحال خان مہمند اور اکبر شیراز سمیت صنعت و تجارت سے وابستہ اراکین بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے پاکستان اور ایران کے درمیان رسمی و غیر رسمی باہمی تجارت کے فروغ تجارتی وفود کے تبادلے اور تجارتی حجم بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ کاروباری تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین بینکنگ چینلز کا قیام دونوں ممالک کی معیشت کے استحکام اور دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے پاکستان اور ایران کے مابین ٹیکسٹائل چاول گندم گوشت فروٹ سبزیوں اور آئل سمیت دیگر شعبوں میں تجارت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے حکومتی سطح پر سہولیات کی فراہمی ضروری ہے ۔ پاکستان میں ایران کے سفیر Mehdi Honardoostنے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان کی جانب سے پیش کردہ سفارشات سے مکمل طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر اورتہران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ می اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس روابط کے فروغ سے ہی دونوں ممالک کی معیشت مستحکم ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے دونوں ممالک کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر کی جانب سے تجارتی حجم میں اضافے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا اور کہا کہ دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی رسمی اور غیر رسمی تجارت کے فروغ کے لئے اپنا کردار کرے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر کی جانب سے تجارتی وفود کے تبادلے اور بزنس کمیونٹی کو ملٹی پل ویزو ں کے اجراء کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی بھی کرائی اور ہائیڈل پاور جنریشن کے شعبے میں ایرانی سرمایہ کاروں کو دعوت دینے کا بھی خیر مقدم کیا۔

متعلقہ عنوان :