برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے نے اولمپکس میں مسلسل دوسرا طلائی تمغہ جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا

مرے نے یوآن مارٹن ڈیل پورٹو کو سخت مقابلے کے بعد 7-5، 6-2،1-1،4-6 اور 5-7 سے کامیابی اپنے نام کی

پیر 15 اگست 2016 19:07

برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے نے اولمپکس میں مسلسل دوسرا طلائی تمغہ جیت ..

ریو ڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اگست ۔2016ء) عالمی نمبر دو ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے اولمپکس مقابلوں میں ٹینس ایونٹ میں مسلسل دوسری بار طلائی تمغہ جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔برطانوی ٹینس پلیئر اینڈی مرے نے برازیل میں جاری ریو اولمپکس 2016 میں ٹینس مینز سنگلز کے فائنل میں ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پورٹو کے خلاف کامیابی حاصل کرکے اولمپک مقابلوں میں مسلسل دوسری بار گولڈ میڈل جیتنے والے ٹینس کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

اس سے قبل اینڈی مرے نے پہلی بار 2012 لندن اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔29 سالہ اینڈی مرے اور حال ہی میں انجری سے نجات پانیوالے پلیئر یوآن مارٹن ڈیل پورٹو کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جہاں مرے نے پہلا سیٹ 7-5 سے اپنے نام کیا لیکن دوسرے سیٹ میں پورٹو نے عمدہ انداز میں واپسی کرتے ہوئے 6-2 سے کامیابی حاصل کر کے 1-1 سے مقابلہ برابر کردیا۔

(جاری ہے)

تیسرے سیٹ میں اینڈی مرے نے 4-6 سے کامیابی حاصل کی اور چوتھے ٹیسٹ میچ میں سخت مقابلے کے بعد 5-7 سے کامیابی حاصل کر کے چار گھنٹے طویل مقاقبلہ اپنے نام کر لیا۔اس سے قبل انہوں نے سیمی فائنل میں جاپان کے کائی نیشیکوری کا قصہ تمام کرکے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جبکہ ڈیل پورٹو نے عالمی نمبر پانچ کھلاڑی رافیل نڈال کے خلاف کامیابی اپنے کی تھی۔

برازیل اولمپکس میں ٹینس سنگلز فائنلز کے بعد جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، اینڈی مرے مسلسل دوسری بار گولڈ میڈل جیتنے کے بعد اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے۔ریو اولمپکس میں فتح کے بعد برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کا کہنا تھا کہ میں مسلسل دوسری بار طلائی تمغہ جیتنے پر خوش ہوں اور ابھی بھی میگا ایونٹس میں حصہ لینے کے لیے تیار ہوں اور ہمیشہ اسی طرح شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کروں گا۔