آئی سی سی نے اوول ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ کر دیا

کپتان مصباح الحق کو میچ فیس کا20فیصد اور باقی کھلاڑیوں کو 10فیصد بطور جرمانہ کیا گیا مصباح الحق کی جانب سے غلطی اور سزا قبول کر لینے کی وجہ سے باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی ،آئی سی سی

پیر 15 اگست 2016 17:26

آئی سی سی نے اوول ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ کر ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اگست ۔2016ء) انٹر نیشنل کر کٹ کونسل ( آئی سی سی )نے پاکستان کرکٹ ٹیم پر انگلینڈ کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوران سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کر دیا۔اوول میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن نے پاکستان کو دیے گئے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرانے پر یہ جرمانہ عائد کیا ہے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو اپنی میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ باقی کھلاڑیوں کو 10 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مصباح الحق کی جانب سے غلطی اور سزا قبول کر لینے کی وجہ سے باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔کرکٹ کی عالمی تنظیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر پاکستان مصباح الحق کی کپتانی میں آئندہ ایک برس میں دوبارہ سلو اوور ریٹ کا مرتکب ہوتا ہے تو اس صورت میں مصباح الحق کو ایک میچ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ اوول ٹیسٹ میں پاکستان نے دس وکٹوں سے فتح حاصل کر کے چار میچوں کی سیریز دو دو سے برابر کر دی ہے۔انگلینڈ کے دورے کے دوران اب پاکستانی ٹیم مزید پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔