پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام محکمہ کھیل حکومت سندھ کے تعاون سے جشن آزادی شوٹنگ بال ٹورنا منٹ کا انعقاد

پیر 15 اگست 2016 14:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اگست ۔2016ء) محکمہ کھیل حکومت سندھ کے تعاون اور پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے جشن آزادی شوٹنگ بال ٹورنا منٹ یوم آزادی کے موقع پر واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کمپلیکس کورنگی میں کھیلا گیا ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ قائدآعظم الیون اور علامہ اقبال الیون کے مابین کھیلا گیا، افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی شوٹنگ بال کے نامور نیشنل کھلاڑی قمرالسلام پیارے تھے جن کی آمد پر ان کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا اس موقع پر ملک آصف نے مہمان خصوصی کو اجرک کا تحفہ پیش کیا جبکہ سید افتخار زیدی نے مہمان خصوصی کو ٹورنامنٹ کا یادگار سوینئر پیش کیا ، تعارف کے بعد میچ کا باقاعدہ آغاز ہوا ، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ دلچسپ اور سنسنی خیز رہا جس میں قائدآعظم الیون نے سید محمد علی شاہ اور محمد اکرم پرویز کے شاندار کھیل کی بدولت کامیابی حاصل کی، علامہ اقبال الیون کے یار محمد اور نصیر بھٹی کا کھیل بھی قابل دید تھا لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکے، میچ کا اسکور 16-14 اور 16-12 رہا، دوسرا میچ سرسید الیون اور شہید ملت خان لیاقت علی خان الیون کے مابین کھیلا گیا یہ میچ شہید ملت لیاقت علی خان الیون نے 2-0 سے جیت لیا میچ کا اسکور 16-11 اور 16-08 رہا اس میچ میں کراچی واٹر اینڈ سوریج بورڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی محمد اسماعیل نے نہایت عمدہ کھیل پیش کیا اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا سرسید احمد خان الیون کے اظہر میمن اور افتخار نے بھی شاندار کھیل پیش کیا جشن آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ سے شائقین کی بہت بڑی تعداد لطف انداز ہوتی رہی ، شائقین نے محکمہ کھیل حکومت سندھ اور پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کو جشن آزادی کے موقع پر شاندار ٹورنامنٹ منعقد کروانے پر مبارک باد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :