سردیوں میں صنعتوں کیلئے مسلسل گیس کی فراہمی کا اعلان خوش آئند ہے‘ظہیر بھٹہ

پیر 15 اگست 2016 14:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اگست ۔2016ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی وایگز یکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز ظہیر بھٹہ نے ایم ڈی سوئی گیس کی جانب سے رواں برس سردیوں میں صنعتوں کیلئے مسلسل گیس کی فراہمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند فیصلہ قرار دیدیا ۔خلدون جاوید ملک سینئر وائس چیئرمین ،محمد اعظم چوہدری وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں سردیوں میں 4ماہ کیلئے صنعتوں کو گیس کی فراہمی بالکل بند کردی جاتی رہی ہے جس سے گیس سے چلنے والی صنعتیں بند اور پیداوار نہ ہونے سے ملکی برآمدات متاثر ہورہی تھیں اور ان میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی سنجیدہ کوششوں اور صنعتکاروں کی مشکلات کے پیش نظر حکومت کا قطر سے ایل این جی کی فراہمی کا فیصلہ اچھا اقدام ہے اس سے رواں برس دسمبر تک 1200ایم ایم سی ایف ڈی اور گیس آر ایل این جی سسٹم میں آجائے گی جس سے آئندہ سردیوں میں صنعتوں کیلئے گیس کی سپلائی بحال رہے گی جو صنعتکار برادری کیلئے ایک خوشخبری سے کم نہیں ۔

(جاری ہے)

کیونکہ 4ماہ تک مسلسل گیس سے چلنے والی انڈسٹری کی بندش سے جہاں صنعتکار برادری پریشانی میں مبتلا ہوتی تھی وہاں لاکھوں مزدور بھی بے روزگاری کا شکار ہوتے تھے ۔

ظہیر بھٹہ نے حکومت پر زور دیا کہ صنعتوں کیلئے گیس کی سپلائی کے ساتھ ساتھ بجلی کی مسلسل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے کیونکہ اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لو ڈشیڈنگ سے صنعتیں بحران کا شکار ہیں اور انہیں نقصانات کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن مکمل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پاور اسٹیشنوں میں گیس/ایل این جی کے استعمال اور فرنس آئل کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف صنعتکاروں کو بھی فراہم کیا جائے اورصنعتی مقاصد کیلئے بجلی کے فی یونٹ قیمتوں کمی کی جائے تاکہ سستی بجلی سے سستی پیداوار کے باعث ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :