برآمدات میں کمی ،تجارتی خسارہ2ارب ڈالر سے تجاوز کرنا تشویشناک ہے ‘راجہ عدیل

پیر 15 اگست 2016 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اگست ۔2016ء) ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے ملکی برآمدات میں کمی کے بعد تجارتی خسارہ دو ارب ڈالر سے تجاوز کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ۔

انہوں نے کہا کہ جولائی 2016ء میں ملکی برآمدات 1ارب 47کرو ڑ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران 1ارب 58کروڑ ڈالر کی اشیاء بیرون ممالک برآمد کی گئی تھیں جبکہ دوسری جانب جولائی میں3ارب55کروڑ ڈالر کی اشیاء درآمد کی گئی جبکہ جولائی2015ء میں3ارب 34کروڑ ڈالر کی مصنوعات درآمد کی گئی تھیں اس طرح جولائی میں تجارتی خسارہ 2ارب ڈالر سے زائد رہا ۔

(جاری ہے)

راجہ عدیل نے کہا کہ پیداوار میں اضافہ کے باعث پاکستانی مصنوعات عالمی منڈیوں میں مسابقت کھوتی جارہی ہیں اس لیے برآمدات میں اضافہ کے لیے توانائی بحران کا خاتمہ اور بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ ملک میں بننے والی اشیاء کی پیداواری لاگت میں کمی ہو اور پاکستان بین الاقوامی مارکیٹ میں دیگر ممالک کا مقابلہ کرسکے انہوں نے کہا کہ توانائی بحران بھی برآمدات میں کمی کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہمسائیہ و دیگر ممالک میں پاکستان کی نسبت بجلی و گیس کی قیمتیں کم ہیں جس کے باعث پاکستان ان ممالک سے بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں کا مقابلہ نہیں کرسکتااسی لیے ملکی برآمدات میں کمی اور تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :