ریو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والا امریکی تیراک لٹ گیا

پیر 15 اگست 2016 12:27

ریو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والا امریکی تیراک لٹ گیا

ریوڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اگست۔2016ء)برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے امریکی تیراک اور دیگر تین کھلاڑیوں کو ڈاکووٴں نے لوٹ لیا۔امریکہ کی اولمپک کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق تیراک رائن لوکٹی، جیمی فیجن، جیک کونگر، گونر بنٹز کو مسلح افراد نے ریو میں لوٹ لیا۔

بیان کے مطابق ڈاکووٴں نے مسلح پولیس کی وردی پہن رکھی تھی اور کھلاڑیوں سے رقم اور دیگر استعمال کی اشیا کا مطالبہ کیا۔ابتدا میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے ان اطلاعات کی تردید کی تھی تاہم بعد میں امریکی اولمپک کمیٹی نے اس واقعے کی تصدیق کر دی۔چاروں کھلاڑی فرانسیسی ٹیم کے ایک پروگرام میں شرکت کے بعد ٹیکسی میں واپس ایتھلیٹکس ویلج جا رہی تھے کہ راستے میں ان کو روک کر لوٹ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس واقعے کے بارے میں سب سے پہلے اس وقت معلوم ہوا جب رائن لوکٹی کی والدہ نے یو ایس ٹو ڈے کو بتایا کہ ان کے بیٹے کو اس واقعے میں کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن واردات پر لرز گیا ہے۔اس پر انٹرنیشنل اولپمک کمیٹی کے ترجمان مارک ایڈمز نے کہا تھا کہ ڈکیتی کی خبروں میں بالکل سچائی نہیں ہے۔ریو میں اس سے قبل سپین کی کشی رانی کی ٹیم کے تین ارکان اور آسٹریلیا کے معذور کھلاڑی کو بندوق کی نوک پر لوٹا جا چکا ہے۔ریو میں اولمپکس کے دوران حکام نے فوج اور پولیس کے 80 ہزار اہلکار سکیورٹی پر تعینات کیے ہیں۔۔