یوسین بولٹ نے لگاتار تیسری بار 100میٹر کی دوڑ جیت لی

پیر 15 اگست 2016 12:25

یوسین بولٹ نے لگاتار تیسری بار 100میٹر کی دوڑ جیت لی

ریوڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اگست۔2016ء) ریو 2016ء میں جمیکا کے یوسین بولٹ سو میٹر کی دوڑ میں تین طلائی تمغے جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔ انھوں نے امریکی کھلاڑی جسٹن گالٹن کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔برازیل میں ہونے والے اولمپکس کے نویں روز برطانیہ پانچ طلائی تمغے جیت کر میڈل ٹیبل پر دوسرے پر آ گیا ہے۔

امریکہ 26 طلائی تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جب کہ برطانیہ اور چین دونوں نے 15، 15 طلائی تمغے حاصل کر رکھے ہیں۔سو میٹر کی دوڑ میں عالمی ریکارڈ یافتہ ایتھلیٹ بولٹ نے سو میٹر کا فاصلہ 9.81 سیکنڈ میں طے کیا۔بولٹ کے دائمی حریف گالٹن، جنھیں دو بار ممنوع ادویات استعمال کرنے کے الزام میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس مقابلے میں بولٹ سے صرف 0.08 سیکنڈ پیچھے رہے۔

(جاری ہے)

بولٹ نے ریس جیتنے کے بعد کہا ’مجھے زیادہ تیز بھاگنے کی توقع تھی، لیکن پھر بھی خوشی ہے کہ میں جیت گیا۔ میں یہاں اپنی کارکردگی دکھانے آیا ہوں اور میں نے وہی کیا جو مجھے کرنا چاہیے تھا۔‘اس سے قبل بولٹ 2008ء اور 2012ء میں سو میٹر، دو سو میٹر اور چار ضرب سو میٹر کی دوڑیں جیت چکے ہیں۔بولٹ نے، جنھیں دنیا کا تیز رفتار ترین انسان کہا جاتا ہے، فروری میں کہا تھا کہ وہ 2017ء میں ہونے والی عالمی چیمپیئن شپ کے بعد ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔

ادھر برطانیہ کے ٹینس سٹار اینڈی مرے ارجنٹائن کے ہوان مارٹن ڈیل پورٹو کو ہرا کر پہلے ٹینس کھلاڑی بن گئے جنھوں نے مردوں کے سنگلز مقابلوں میں دو طلائی تمغے حاصل کیے ہیں۔اینڈی مرے نے اپنے حریف کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کر سونے کا تمغہ اپنے نام کیامرے اور ان کے حریف ڈیل پورٹو کے درمیان مقابلہ چار سیٹ تک چلا جس کے دوران پلڑا کبھی ایک اور کبھی دوسرے کے حق میں جھکتا رہا۔

ومبلڈن چیمپیئن مرے نے اس میچ کو اپنے کریئر کے ’سخت ترین مقابلوں میں سے ایک‘ قرار دیا۔عالمی نمبر دو مرے اس سے قبل لندن 2012ء میں بھی طلائی تمغہ جیت چکے ہیں۔اس کے علاوہ برطانیہ کے کھلاڑیوں نے سائکلنگ سپرنٹ (جیسن کینی)، جمناسٹکس پومل ہورس (میکس وٹلاک)، جمناسکٹس فلور ایکسرسائز (میکس وٹلاک) اور گولف (جسٹن روز) میں طلائی تمغے حاصل کیے۔

متعلقہ عنوان :