وزیراعظم محمد نواز شریف نے پی آئی اے کی پریمیئر سروس کا افتتاح کردیا

وزیر اعظم کی مسافر وں سے بات چیت ٗ مسافروں نے نواز شریف کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنائیں عوام نے دھرنے کی منفی سیاست کو مسترد کردیا ٗ لوگ صرف خوشحالی اور ترقی کیلئے اقدامات کی حمایت کررہے ہیں ٗوزیر اعظم پریمیئر سروس کے آغاز سے پی آئی اے کم فاصلے اور نسبتاً کم قیمت پربہترین خدمات فراہم کرے گی ٗ گفتگو

اتوار 14 اگست 2016 17:06

وزیراعظم محمد نواز شریف نے پی آئی اے کی پریمیئر سروس کا افتتاح کردیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پی آئی اے کی پریمیئر سروس کا افتتاح کردیا ہے۔ اتوار کو وزیراعظم محمد نواز شریف کو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اس پریمیئر سروس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر وفاقی وزراء سینیٹر اسحاق ڈار،وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید، مشاہد اﷲ خان، پی آئی اے اور سری لنکن ایئر لائن کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے افتتاح کے بعد طیارے کے اندر جا کر دی گئی سہولتوں کا از خود معائنہ کیا۔ اس پریمیئر سروس کیلئے اے 330 جدید ہوائی جہاز سری لنکا سے ویٹ لیز پرحاصل کئے گئے ہیں۔ اس سروس کے ذریعہ پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال کرنے کی ایک کوشش کی گئی ٗ ان جہازوں کے عملہ کو سری لنکا میں تربیت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

فضائی میزبانوں کے لباس تبدیل کرنے اور کھانوں کے معیار کو بہتربنایا گیا ہے ٗاس سروس کے تحت ہیتھرو ایئرپورٹ سے بزنس کلاس میں سفر کرنے اور مسافروں کو25 کلومیٹر تک لیموزین گاڑی کی سہولت دی جائے گی۔

اس طیارے کی ہر نشست پر ایل سی ڈی نصب ہے۔ وائی فائی کی سہولت موجود ہوگی ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر پہلی پروازکے مسافروں سے اس سروس کے بارے میں بات چیت بھی کی مسافروں نے وزیراعظم کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ وزیراعظم نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور وہ اس طرح کے عناصر کی حمایت نہیں کرتے ٗوزیراعظم نے کہا کہ ملک کو اس وقت احتجاج نہیں بلکہ مکالمے کی سیاست کے تسلسل کی ضرورت ہے کیونکہ صرف اسی طرزسیاست سے ملک میں غربت اور ناخواندگی میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے اورعام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔ پی آئی اے کی پریمیئر سروس سے متعلق وزیراعظم نے بتایا کہ طویل عرصہ تک مالیاتی مسائل سے دو چار رہنے کے بعدپی آئی اے مسائل سے باہر آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پریمیئر سروس کے آغاز سے پی آئی اے کم فاصلے اور نسبتاً کم قیمت پربہترین خدمات فراہم کرے گی ۔ وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہارکیا کہ پریمیئر سروس خدمات کے معیار کو برقرار رکھے گی اور اس سے ایئر لائن کو بھاری منافع حاصل ہوگا۔