بنوریہ میڈیا نے اس سال پھر خوبصورت ملی نغمہ ریلیز کردیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 14 اگست 2016 15:43

بنوریہ میڈیا نے اس سال پھر خوبصورت ملی نغمہ ریلیز کردیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اگست۔2016ء)جامعہ بنوریہ عالمیہ کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ بنوریہ میڈیا نے اس سال یوم آزادی کے موقع پر اہلیان پاکستان کےلئے جنید جمشید کا خوبصورت ملی نغمہ ریلیز کردیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں ویڈیو نغمہ کو ریلیز کیا گیا، مہدی حسن کا گایا ہوا مشہور ملی نغمہ یہ وطن تمہارا ہے کو جنید جمشید اور ان کے ساتھ معروف نعت خواں و ثناء خواں نعمان شاہ، فہد شاہ اور حافظ ابوبکر کی آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا،ویڈیو ریلیز کی اس تقریب میں جنید جمشید بھی موجود تھے ،اس موقع پر جنید جمشید نے بنوریہ میڈیا کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیاان کا کہنا تھا کہ اہل مدارس اب ہر میدان میں آگے آچکے ہیں،جس کی مثال یہ پروفیشنل ویڈیو پراڈکشن آپ کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو ریلیز کی اس تقریب میں سول سوسائٹی ، سوشل میڈیا ، اور بلاگرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر جامعہ بنوریہ کے نائب مہتمم مولانا نعمان نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب ہم ویڈیو پراڈکشن کے میدان میں بڑے پراڈکشن ہاؤس کے ساتھ آکھڑے ہونگے، ان کا کہنا تھا کہ وقت میڈیا اور سوشل میڈیا کا ہے اور اس حقیقت سے کسی کو انکار نہیں لہذا مذہبی طبقوں کو اپنا پیغام انہی پلیٹ فارم سے ہی دینا ہوگا۔

بنوریہ میڈیا کے ڈائریکٹر سلمان ربانی کا کہنا تھا کہ مذہبی طبقوں میں ویڈیو پراڈکشن اور ملی نغموں کی روایت ہم نے ہی ڈالی جس کی ابتداء گزشتہ سال پاک وطن کے نام سے ملی نغمہ کا ریلیز تھا، جس سے مذہبی طبقوں میں ملی نغموں کی روایت چل پڑی اور اس کا فائدہ اس سال نظر آیا، اس سال مذہبی اداروں کی جانب سے 25 کے قریب ملی نغمے پیش کئے گئے، جس کا کریڈٹ یقینا بنوریہ میڈیا کو ہی جانا چاہئے۔