ایک مہذب اور مثالی معاشرے کے قیام کے لیے قوم میں جذبہ ِ خدمت پیدا کرنے اور شعور کو پروان چڑھانے کی اشد ضرورت ہے، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد طارق مسعود یاسین

اتوار 14 اگست 2016 15:26

اسلام آباد ۔ 14 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 اگست ۔2016ء) ایک مہذب اور مثالی معاشرے کے قیام کے لیے قوم میں جذبہ ِ خدمت پیدا کرنے اور شعور کو پروان چڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ اسلامی اور دنیاوی تعلیمات کی روشنی میں پس ماندہ اور دکھی انسانیت کی خدمت ہی میں نجات ہے۔ اور اسی طرح حقوق العباد کی ادائیگی کا خواب شرمندہِ تعبیر ہو سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد طارق مسعود یاسین نے اسلام آباد میں لائننز کلب انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ305-N2 کی نو منتخب گورنر ستارہ سطوت اور انکی کابینہ کی تقریب حلف وفاداری کے موقع پر کیا۔ اس موقع پرٹی وی اور سٹیج کی نامور اداکار ہ اور ڈائریکٹر ثانیہ سعید، سابق رکن ِ قومی اسمبلی پلوشہ خان، انٹرنیشنل چیئرپرسن ملٹی پل کونسل ڈاکٹر اسد اشرف اور سی ڈی اے کے سابق ممبر بورڈ اور لائنز کلب انٹرنیشنل کے شریک چیئرپرسن انسٹالیشن سید مصطفین کاظمی اور ڈاکٹرزبیر حسن بھی موجود تھے گورنر ستارہ سطوت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لائنیزم تحریک کسی رنگ ،نسل،مذہب اور ملت کی تفریق کے بغیر سماجی خدمات میں دنیا کی صفِ اول کی تنظیم ہے جس کے 16 لاکھ سے زائد ممبران سماجی خدمات میں کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

سال رواں دنیابھر میں لائنیزم کے 100 سال مکمل ہونے پر صد سالہ تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور پاکستان میں بھی صد سالہ تقریبات کے منانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے جس کے تحت پسماندہ طبقات میں طبی سہولیات ،نوجوانوں کی تربیت سازی سمیت پائیدارترقی، بنیادی تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کے رفاہی منصوبے شامل ہیں۔سی ڈی اے کے سابق ممبر بورڈ اور لائنز کلب انٹرنیشنل کے شریک چیئرپرسن انسٹالیشن نے کہا کہ قلبی سکون کا حصول صرف اور صرف دکھی انسانیت اور خلق ِ خدا کی خدمت میں مضمر ہے۔

ہم پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ معاشرے کے غیر مراعات یافتہ طبقے اور ضرورت مندوں کو انکی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے اپنا بھر پور کر دار ادا کریں۔ با حیثیت شخصیات اور اداروں کو پوری یکسوئی کے ساتھ عوامی رفاہی منصوبوں کے قیام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کر کے خداوند کریم کی بارگاہ میں سر خرو ہو سکیں۔ اس موقع پر معروف اداکارہ ثانیہ سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کو قومی دھارے میں شریک کرنے اور معاشرے کے اندر معذورانہ سوچوں کے پیمانے کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

حکومت تمام عمارتوں اور کمرشل پلازوں میں معذور افراد کی ویل چیئر کے ذریعے رسائی کو یقینی بنائے اور ان مراکز میں آمدورفت کے حوالے سے سہولیات بہم پہنچائی جائیں تاکہ معذور افراد معاشرتی زندگی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں۔یہی وجہ ہے کہ یہ تنظیم اپنے قیام سے لے کر سال رواں میں 100 سال کا عہد مکمل کر رہی ہے۔ آئندہ سال شکاگو امریکہ میں اس کی عالمی تقریبات منعقد ہونگیں جس میں لاکھوں افراد کی شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد طارق مسعود یاسین ، معروف اداکارہ ثانیہ سعید ، سابق رکن ِ قومی اسمبلی پلوشہ خان، ڈسٹرکٹ گورنر ستارہ سطوت اورچیئرپرسن سید مصطفین کاظمی نے معذور بچوں میں ویل چیئرز تقسیم کیں ۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ گورنر ستارہ سطوت نے اپنی کابینہ کے عہدیداروں سے حلف بھی لیا۔ بعد ازاں ایک رنگا رنگ محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملک کے نامور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

متعلقہ عنوان :