مقدمات کے جلد فیصلے کرکے عوام کو آزادی کا تحفہ دیں گے‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

میرٹ، میرٹ اور صرف میرٹ ہماری اولین ترجیح ہے، وکلا کے بغیر نظام انصاف نہیں چل سکتا‘ پرچم کشائی کی تقریب سے جسٹس سید منصور علی شاہ کا خطاب

اتوار 14 اگست 2016 15:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 اگست ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ‘چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے پرچم کشائی کی جبکہ اپنے خطاب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مقدمات کے جلد فیصلے کرکے عوام کو آزادی کا تحفہ دیں گے۔۔ اتوار کو یوم آزادی کے موقعہ پر لاہورہائیکورٹ میں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں جسٹس سردار محمد شمیم خان، جسٹس عبدالسمیع خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس فیصل زمان خان سمیت دیگر ججز اور ہائیکورٹ کے سٹاف نے شرکت کی فاضل چیف جسٹس نے عدالت عالیہ کی عمارت پر قومی پرچم لہرایا اور پولیس کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے پیش کیے گئے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے‘ پنجاب کی عدلیہ کا سربراہ ہونے کے ناطے تمام فاضل جج صاحبان کے ساتھ مل کر عہد کیا ہے جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں کو اپنائیں، میرٹ، میرٹ اور صرف میرٹ ہماری اولین ترجیح ہے وکلا کے بغیر نظام انصاف نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر وہ عہد کرتے ہیں کہ بروقت فیصلوں کے ذریعے وہ شہریوں کو یوم آزادی کا تحفہ دیں گے‘ سانحہ کوئٹہ کے باعث تقریب سادگی سے منائی گئی اور اس سانحے کے شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی بعد ازاں ان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :