اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ (کل) قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے بیان پر رد عمل دینگے

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے خورشید شاہ اور اعتزاز احسن کے خلاف دستاویزی ثبوت قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا

اتوار 14 اگست 2016 14:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اگست ۔2016ء) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ (کل)پیر کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے بیان پر رد عمل دینگے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے خورشید شاہ اور اعتزاز احسن کے خلاف دستاویزی ثبوت قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ خیال رہے کہ اپنی پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ لوگ اسمبلی میں پوائنٹ اسکورنگ اور تماشا لگانا چاہتے تھے، اسمبلی میں صرف وزیر اعظم کو متاثر کرنے کیلئے ڈرامہ رچایا گیا اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ حکومت کے بجائے میرے خلاف ہیں اور ایک ایسا ٹولہ ہے جو ہر چیز کا الزام مجھ پر ڈال دیتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کو سیکیورٹی اداروں کے حوالے سے میری بات ناگوار گزری لیکن سیکیورٹی اداروں پر تنقید کا جواب دینا میری ذمہ داری ہے۔انہوں نے خود پر الزامات لگانے والوں کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ جسٹس ریٹائرڈ وجہیہ الدین اور جسٹس ریٹائرڈ طارق پر مشتمل کمیشن بنالیا جائے اورصحافیوں پر مشتمل جیوری بنائی جائے جو قوم کو سچ بتائے۔

وزیر داخلہ کے بیان پر خورشید شاہ نے دو روز قبل کہا تھا کہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا جواب قومی اسمبلی میں دینگے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد (کل )پیر کی شام پانچے دوبارہ پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا جس میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ وفاقی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس پر رد عمل دینگے اکی نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری نثارعلی خان نے خورشید شاہ اوراعتزاز احسن کے خلاف دستاویزی ثبوت قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیرداخلہ نے طے کیا کہ وہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے دباؤ میں نہیں آئیں گے