پاک فضائیہ نے یوم آزادی روایتی جوش و جذبہ سے منایا

دن کا آغاز پاک فضائیہ کی تمام مساجد میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا

اتوار 14 اگست 2016 13:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 اگست ۔2016ء) پاکستان ائیر فورس نے یوم ِ آزادی قوم کے شانہ بشانہ روایتی جوش و جذبہ سے منایا ۔ دن کا آغاز پاک فضائیہ کی تمام مساجد میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا جن میں ملکی سا لمیت، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔بعد ازاں پاک فضائیہ کے تمام بیسز پر ائیرمین اور سویلین حضرات نے اکٹھے ہوکر قومی ترانہ گایا۔

اس دن کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل خالددبیر،ڈپٹی چیف آف دی ایئر سٹاف(پرسنیل) نے پرچم کشائی کی اورپاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا قوم کے نام پیغام پڑھ کر سنایا۔

(جاری ہے)

جس میں ائیر چیف نے کہا کہ، ’’اس اہم دن کو روایتی جذبہ حب الوطنی سے مناتے ہوئے، ہمیں اپنے اسلاف کی فقید المثال قربانیوں کی تقلید میں اس انمول تحفہ خداوندی کا حقیقی جانشین بننے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے۔

بلاشبہ ، مادرِوطن کو درپیش موجود چیلنجز سے بطریق احسن نمٹنے کے لئے باہمی اتحاد و یگا نگت کی ضرورت ہے۔ آزمائش کی اس گھڑی میں وطن عزیز سے گہرے تعلق اور اپنائیت کا رشتہ قائم کر کے ہی ہم حب الوطنی اور ایثار کے جذبے کو اجاگر کر سکتے ہیں۔ اس ضمن میں ہم دوسروں سے صلہ رحمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے،اس امر کو یقینی بنائیں کہ مشکلات سے دوچار بھائی بہنوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔درحقیقت ،پاکستان ہماری پہچان ہے اور قومیت کے جذبے سے سر شار ہو کر ہم قومی یکجہتی اور مادرِ وطن سے کمال وفاداری کو فروغ دے سکتے ہیں ـ۔ یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر پاک فضائیہ کی تمام ریجنل ائیرکمانڈز،ائیر بیسزاور دیگر تنصیبات پر اسی قسم کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔