حکمرانوں نے اپنا قبلہ درست اور خواب غفلت سے بیدار نہ ہوئے تو ملک کسی بڑے سانحہ سے دوچار ہوسکتاہے ‘ سراج الحق

اسلام و پاکستان کے دشمن قوتوں نے ہمیں چاروں اطراف سے گھیررکھاہے ،بھارت پاکستان کی سلامتی سے کھیلنا چاہتاہے ‘ تقریب سے خطاب

اتوار 14 اگست 2016 13:03

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 اگست ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان دو لخت ہوا اور اسے اس کی منزل اسلامی انقلاب سے محروم کر دیا گیا ،اسلام آباد زندہ لاشوں کا قبرستان بن چکاہے جہاں زندگی کی کوئی حرارت اور علامت نظر نہیں آتی ، آج اسلام و پاکستان دشمن قوتوں نے ہمیں چاروں اطراف سے گھیررکھاہے ،بھارت پاکستان کی سلامتی سے کھیلنا چاہتاہے ،چاروں صوبوں ، شہروں اور دیہات پر خوف کا پہرہ ہے، شہر خون آلود اور عوام اپنی سلامتی کی فکر میں ہیں ،حکمرانوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا اور خواب غفلت سے بیدار نہ ہوئے تو ملک کسی بڑے سانحہ سے دوچار ہوسکتاہے ۔

جماعت اسلامی کے مرکزی دفاتر منصورہ کی گراؤنڈ میں یوم پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی دفاتر کی عمارت پر قومی پرچم لہرا یا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے لیے اﷲ تعالیٰ کا خاص انعام ہے جس کے لیے مسلمانان برصغیر نے لازوال اور بے مثال قربانیاں دیں ۔

لاکھوں نوجوانوں ، بچوں ، بوڑھوں اور خواتین نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ مدینہ منورہ کی ریاست کے بعد پاکستان دنیا میں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم کی جانے والی واحد نظریاتی مملکت ہے لیکن قائداعظمؒ کی آنکھیں بند ہوتے ہی پاکستان ان سیکولر اور لبرل لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا جن کا نہ کوئی نظریہ تھا اور نہ ہی وہ پاکستان کے حصول کے مقاصد سے آشناتھے ۔

دولت کی بنیاد پر پاکستان کے اقتدار پر قابض حکمرانوں نے قوم سے بے وفائی اور پاکستان کے نظریے سے غداری کی ۔سراج الحق نے کہاکہ پاکستان ہمارے لیے دنیا میں جنت کا ٹکڑا اور ماں کی گود کی طرح ہے جس کی حفاظت ہم اپنی جانوں پر کھیل کر کریں گے ۔ اﷲ تعالیٰ نے پاکستان کو نہ صرف ایٹمی قوت بنا یا بلکہ بہترین محل وقوع اور موسموں سے نوازا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل روشن اور اسلام سے وابستہ ہے جو لوگ پاکستان کو سیکولر بناناچاہتے ہیں انہیں کسی دوسرے ملک چلے جاناچاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری پاکستان کی تکمیل اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے آزادی کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے وہ پتھروں سے بھارتی فوج کے ٹینکوں اور توپوں کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔ ہم ا نہیں مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہیں ۔ وہ وقت جلد آئے گا جب اسلام آباد اور سری نگر میں ایک ساتھ جشن آزادی منایا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو ایک نئے عزم کے ساتھ عہد کرنا ہوگاکہ ہم پاکستان کو علامہ اقبال ؒ کے خوابوں اور قائداعظم ؒ کی امیدوں کا پاکستان بنائیں گے اورایک نئے جذبے سے تحریک پاکستان شروع کریں گے ۔

ہم ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں کہ جس میں امیر اور غریب کے لیے تعلیم ، صحت اور روزگار کے یکساں مواقع ہوں ۔ کوئی امیر کسی غریب کا استحصال نہ کرے ۔ ہم پاکستان میں بھی ایسے ماڈل ہسپتال قائم کرناچاہتے ہیں کہ حکمرانوں کو دل کی تکلیف ہو تو ان کا علاج بھی لاہور اور اسلام آباد میں ہو سکے ۔ عدالتوں میں سب کو عدل و انصاف مل سکے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں قرآن و سنت کی بالادستی ہو ۔

وزیراعظم اذان دے اور امامت کے لیے صدر پاکستان آگے بڑھیں ، چیف جسٹس کے ہاتھ میں انگریز کے قانون کے بجائے قرآن پاک ہو۔ پرچم کی کشائی تقریب سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر نائب امراء حافظ محمد ادریس ، راشد نسیم ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، محمد اصغر ، امیر صوبہ میاں مقصود احمد ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :