ملک کے70 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا انعقاد، صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے قومی پرچم لہرایا، تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزراء ، سفارت کاروں، زعما اور تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کی بڑی تعداد میں شرکت

اتوار 14 اگست 2016 12:17

اسلام آباد ۔ 14 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 اگست ۔2016ء) ملک کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوئی جہاں صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزراء ، سفارت کاروں، زعما اور تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر اور وزیراعظم کی تقریب میں آمد کے بعد سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کیلئے ملک بھر میں ٹریفک رک گئی۔ ٹھیک نو بجے صدر مملکت اور وزیراعظم نے قومی پرچم لہرایا ۔ اس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا، صدر مملکت نے قوم سے خطاب کیا جس کے بعد دلوں کو گرما دینے والے اور ولولہ پیدا کرنے والے قومی وملی نغمے گائے گئے۔ تقریب کا اختتام پاک فوج کی بینڈ پر قومی ترانے کی دھن سے ہوا جس کے بعد ترانے اور ملی نغمے پڑھنے والے بچوں کے ساتھ صدر اور وزیراعظم نے تصاویر بنوائیں۔