بھارت نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کردی

پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف کوئی اقدامات نہیں کیے،جموں وکشمیر کے مسئلے پر اس کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی، پاک بھارت تعلقات اور اس سے متعلقہ معاملات پر بات چیت کا خیر مقدم کریں گے،پاکستان سرحد پار دہشتگردی اور در اندازی کا سلسلہ بند کرے ،بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی مذاکرات کی پیشکش پر ردعمل

ہفتہ 13 اگست 2016 22:45

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اگست ۔2016ء ) بھارت نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف کوئی اقدامات نہیں کیے اس لئے اس کے ساتھ بات چیت نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوسکتی کیونکہ اس نے دہشتگردی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ، پاکستان کو چاہیے کہ وہ سرحد پار دہشتگردی کا سلسلہ بند کرے ۔

سشما سوراج کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات اور اس سے متعلقہ معاملات پر بات چیت کا خیر مقدم کریں گے ۔ پاکستان سرحد پار دہشتگردی اور در اندازی کا سلسلہ بند کرے ۔ واضح رہے کہ پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے گزشتہ روز کہا تھاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہے جس کیلئے پاکستانی سیکرٹری کو اپنے بھارتی ہم منصب کا انتظار ہے ۔