دنیا کا سب سے بڑا ہوٹل مکہ مکرمہ میں آئندہ سال عوام کے لیے کھول دیا جائے گا

ابراج کدائی نامی ہوٹل 10 ہزار کمروں پر مشتمل ہوگا، ہوٹل میں 70 ریسٹورنٹس، ایک بڑا شاپنگ مال اور پرتعیش بال روم بھی ہوگا، ہوٹل کی تعمیر پر سعودی حکومت کی جانب سے تین کھرب 65 ارب روپے سے زائد خرچ کیے جائیں گے

ہفتہ 13 اگست 2016 19:27

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 اگست ۔2016ء) دنیا کا سب سے بڑا ہوٹل مکہ مکرمہ میں آئندہ سال عوام کے لیے کھول دیا جائے گا،یہ ہوٹل جسے ابراج کدائی کا نام دیا گیا ہے، 10 ہزار کمروں پر مشتمل ہوگا جبکہ یہ 14 لاکھ اسکوائر میٹرز پر پھیلا ہوا ہوگا۔10ہزار کمروں کے ساتھ ساتھ اس ہوٹل میں 70 ریسٹورنٹس، ایک بڑا شاپنگ مال اور پرتعیش بال روم بھی ہوگا۔

میڈیار پورٹس کے مطابق ہوٹل کی تعمیر پر سعودی حکومت کی جانب سے 3.5 ارب ڈالرز (تین کھرب 65 ارب پاکستانی روپوں سے زائد) خرچ کیے جائیں گے۔اس ہوٹل کی تعمیر کے لیے سرمایہ سعودی وزارت خزانہ نے فراہم کیا جبکہ اس کا ڈیزائن ایک بین الاقوامی کمپنی دارالاہندسہ نے تیار کیا ہے۔یہ ہوٹل دنیا کی سب سے بڑی مسجد، مسجد الحرام سے دو کو میٹر دور واقع ہوگا جہاں حج یا عمرہ کے لیے ہر سال لاکھوں مسلمان دنیا بھر سے آتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ہوٹل عوام کے لیے کھولا جائے گا مگر اس کی پانچ منزلیں سعودی شاہی خاندان کے لیے مخصوص ہوں گی۔یہ ہوٹل اتنا بڑا ہوگا کہ اس کے حجم کے سامنے بیشتر شہر یا قصبے بھی چھوٹے محسوس ہوں گے۔اس ہوٹل میں 12 ٹاورز ہوں گے جن میں سے 10 میں 4 اسٹار ہوٹل کی آسائشات فراہم کی جائیں گی جبکہ دو میں فائیو اسٹار سہولیات ہوں گی اور وہ اہم افراد کے لیے مخصوص ہوں گے۔