ملتان،سکولوں کے طلباء نے یوم پاکستان کے موقع پراور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واک کا انعقاد

ہفتہ 13 اگست 2016 18:18

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 اگست ۔2016ء) المحمدیہ سٹوڈنٹس اور المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے زیر اہتمام سکولوں کے طلباء نے یوم پاکستان کے موقع پراور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 07نمبر چونگی سے چوک کچہری تک پیدل واک کی۔ریلی میں سکولوں کے ننھے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی کی قیادت المحمدیہ روضہ سوسائٹی پاکستان کے رہنما احمد طیب نے کی جبکہ اس موقع پر المحمدیہ سٹوڈنٹس ملتان کے ناظم صہیب الرحمان ،المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے ناظم عبدالحمید بھی موجود تھے۔

بچوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان کے ساتھ محبت، پیاراور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔بچوں میں اپنے وطن کے ساتھ پیار اور محبت کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔

(جاری ہے)

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ہماراملک اﷲ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے۔اس ملک کو حاصل کرنے کے لیے ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیاں پیش کیں۔

یہ ملک ہم نے لا الہ الااﷲ کی بنیاد پر حاصل کیا ہے اور یہ ہی اس کی اصل بنیاد ہے۔دشمن ہمارے ملک ہم پر حملے کر کے ہمیں ڈرانا چاہتے ہیں مگر ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں۔کشمیر میں بھارتی فوج ہمارے چھوٹے چھوٹے بھائیوں پر انتہا کا ظلم ڈھا رہی ہے۔چھروں والی بندوق استعمال کرکے بچوں کو اندھا اور معذور کیا جا رہا ہے۔غاصب بھارتی فوج نے کرفیو نافذ کر رکھاہے جس سے کشمیری بچے سکول جانے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں کشمیری بچے اپنے والدین کھو چکے ہیں۔کشمیر پر بھارتی مظالم کو60 سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا ہے لیکن اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی خاموشی حیران کن ہے ۔کشمیری آج بھی پاکستان کے پرچم لہرا رہے ہیں اور پاکستان زندہ بادکے نعرے لگارہے ہیں۔پاکستانی حکمران کشمیریوں کی وکالت کا صحیح حق ادا کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کشمیریوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا ۔اس موقع پر بچوں نے مختلف خاکے پیش کیے۔