چوہدری نثار گیس والے غبارے سے بھی ہلکے ہیں ، وہ جی ایچ کیو کے ترجمان ہیں ، پنجاب میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے ہیں مگر یہ لوگ وہاں آپریشن نہیں ہونے دیں گے ، فوج کاحالیہ بیان بالکل درست ہے

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 12 اگست 2016 22:51

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 اگست ۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار گیس والے غبارے سے بھی ہلکے ہیں ، وہ جی ایچ کیو کے ترجمان ہیں ، پنجاب میں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے ہیں مگر یہ لوگ وہاں آپریشن نہیں ہونے دیں گے ، فوج نے بیان دیا وہ بالکل درست ہے ۔

وہ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں چوہدر ی نثار علی کی جانب سے اپنے اوپر لگائے الزامات پر ردعمل کا اظہار کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار گیس والے غبارے سے بھی ہلکے ہیں ۔ پنجاب میں دہشتگرد موجود ہیں مگر وہاں کوئی آپریشن نہیں ہو گا اور نہ ہی دکھائی دے رہا ہے ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ رینجرز نے ایل ڈی اے کی کرپشن کی فائلیں کیوں نہیں اٹھائی ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ لوگ پنجاب میں کبھی آپریشن نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 14 لوگوں کو قتل کرنے والے شریف برادران کی پکڑ نہیں ہوئی اور نہ ہی کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والوں پر ہاتھ ڈالا گیا۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ شریف برادران کے خلاف سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا اس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا ۔پنجاب میں کالعدم تنظیمیں آزادی سے کام کررہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب ایک تجویز تھی جب کہ نیشنل ایکشن پلان آپریشن عضب کے لئے ماحول بنانے کے لیے تھا۔ وزیرداخلہ کو اپنی ناکامی اور کارکردگی پر بات کرنے کی ضرورت تھی ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ کوئی بے وقوف ہی چوہدری نثار کے پاس پیپلز پارٹی کا بیان لے کرجائے گا۔ چوہدری نثار نے پیپلز پارٹی کی آفر سے متعلق بناوٹی بات کی ہے ۔ جس شخصیت نے پیغام دیا چوہدری نثار اس کا نام بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کسی بھی حکومت سے ایل پی جی کا کوٹہ لیا ہے تو منسوخ کردیں۔ چوہدری نثار کے پاس ہمارے خلاف ثبوت ہیں تو منظر عام پر لائیں۔ لطیف کھوسہ نے چوہدری نثار کے خلاف کیس کا اعلان کیا ہے ۔ خورشید شاہ معتبر رہنما ہیں اور نثار نے ان پر انگلیاں اٹھائیں جو اچھی بات نہیں ہے ۔