نیب نے خالد رحمان اور عقیل کریم ڈھیڈی کے خلاف ریفرنس منظور کر لیا

جمعہ 12 اگست 2016 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اگست ۔2016ء) قومی احستاب بیورو(نیب) ایک بار پھر متحرک ہوگئی ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر خالد رحمان کے خلاف سستی زمین مہنگے داموں خریدنے کا ریفرنس منظور کرلیا ہے جبکہ ریفرنس میں معروف صنعتکار عقیل کریم ڈھیڈی کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیب ایک بار سندھ میں متحرک ہوگئی ہے ، برسوں سے بند انکوائریاں کھلنے لگیں ،2010 کی انکوائری پر تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں۔

چئیرمین نیب نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر خالد رحمان اور معروف صنعتکار عقیل کریم ڈھیڈی کے خلاف ریفرنس منظور کرلیاہے۔نیب ذرائع کے مطابق خالد رحمان نے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے قومی خزانے کو 1ارب 22کروڑ کا نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی ہاؤس کے قریب 6960 مربع گز کا پلاٹ ایک لاکھ روپے فی مربع گز 2010 میں عقیل کریم ڈھیڈی سے خریدا گیا، خریداری کے وقت بھی پلاٹ کی قیمت 80 ہزار فی مربع گز سے بھی کم تھی۔

نیب ریفرنس میں خالد رحمان اور عقیل کریم ڈھیڈی کو ملزم نامزد کیا گیا ہے، 2010 میں محکمانہ کارروائی میں خالد رحمان کو تنزلی کے بعد برطرف کردیا گیا تھا،نیب ریفرنس میں خالد رحمان اور عقیل کریم ڈھیڈی کے خلاف شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں، جو عدالت میں پیش کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :